لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے جمعہ اور ہفتہ کی صبح کے اوقات میں کاروبار بند رکھنے اور اتوار کو مکمل شٹر ڈاو¿ن کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے کیونکہ اس سے کاروباری بری طرح متاثر ہونگے۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ اس فیصلے سے کاروباری برادری کو درپیش چیلنجز مزید بڑھ جائیں گے جنہیں پہلے ہی زیادہ کاروباری لاگت اور دیگر رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ کاشف انور نے کہا کہ ہر جمعہ اور ہفتہ کو صبح کے اوقات میں کاروبار کی بندش سموگ کیخلاف جنگ میں موثر کردار ادا نہیں کرےگی بلکہ اس سے کاروباری شعبہ پر مزید بوجھ پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے فیصلے کرنے کے بجائے سموگ سے نمٹنے کیلئے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے طویل المدت اور ٹھوس حل تلاش کرنا ہونگے۔ صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ وسیع پیمانے پر شجرکاری مہم، اخراج پر قابو پانے کے اقدامات، فصلوں کی باقیات کو جلانے سے روکنا، صاف توانائی کے ذرائع کو فروغ دینا، عوامی نقل و حمل میں بہتری، اور آلودگی پر قابو پانے کے اقدامات کے بارے میں بیداری پیدا کرنے پر توجہ دینا ہوگی۔ بندش کے فیصلے کے کاروبار اور معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، لاہور چیمبر کے صدر نے وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ کاروبار بند کرنے کے بجائے ایسی حکمت عملی مرتب کرنا ہوگی جو آلودگی سے پاک ماحول پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہو۔ انہوں نے کہا کہ سموگ سے نمٹنے کیلئے کاروبار کو مخصوص گھنٹوں کیلئے بند کرنے کا فیصلہ اس سلسلے میں کوئی مدد نہیں کریگا لہٰذا وزیر اعلی پنجاب فوری طور پر اس فیصلے پر نظر ثانی کریں۔
لاہور چیمبر آف کامرس نے کاروبار کی بندش کا حکومتی فیصلہ مسترد کردیا


















