وقت کی بچت، ٹی20 اور ون ڈے میں سٹاپ کلاک قانون کی آزمائش کا فیصلہ

احمد آباد (مشرق نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ون ڈے اور ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں کھیل کی رفتار کو بڑھانے کےلئے آزمائشی بنیادوں پر اسٹاپ کلاک قانون کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی خلاف ورزی پر فیلڈنگ ٹیم پر پانچ رنز کی پینلٹی عائد کی جائیگی۔بھارت کے شہر احمد آباد میں ہونے والے آئی سی سی بورڈ کے اجلاس میں اس قانون کی منظوری دی گئی جس کو رواں سال دسمبر 2023 سے اپریل 2024 تک ون ڈے اور ٹی20 میچوں میں آزمایا جائے گا۔پچھلے اوور کے اختتام کے 60 سیکنڈ کے اندر اگر باو¿لنگ ٹیم اگلا اوور پھینکنے کے لیے تیار نہ ہو گی تو ایک اننگز کے دوران ایسا تیسری مرتبہ ہونے کی صورت میں 5 رنز کی پینالٹی عائد کی جائے گی۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گھڑی کا استعمال اوورز کے درمیان صرف کیے جانے والے وقت کو بہتر بنانے کے لیے کیا جائے گا۔سلو اوور ریٹ محدود اوورز کی کرکٹ میں ایک بڑا مسئلہ رہا ہے جس کی وجہ سے کھیل کا دورانیہ بڑھ جاتا ہے اور اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے گزشتہ سال آئی سی سی نے مینز اور ویمنز کرکٹ میں پینالٹیز متعارف کرائی تھیں۔موجودہ قانون کے تحت اگر فیلڈنگ ٹیم مقررہ وقت میں آخری اوور شروع کرنے میں ناکام رہتی ہے تو انہیں ایک فیلڈر کو 30 گز کے دائرے کے اندر بلانا پڑتا ہے،اس کے علاوہ سلو اوور ریٹ پر ٹیموں پر جرمانہ بھی عائد کیا جاتا ہے۔کھیل کی رفتار کو بڑھانے کیلئے سٹاپ کلاک قانون کا استعمال ٹینس سمیت کئی کھیلوں میں کیا جاتا ہے، ٹینس میں ایک کھلاڑی کو پوائنٹ سکور ہونے کے بعد اگلے 25 سیکنڈ کے اندر سروس کرنا ہوتی ہے۔