اسلام آباد (مشرق نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بلوچ جبری گمشدگی کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد کیس میں آئندہ سماعت پر نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو طلب کر لیا۔ عدالت نے کہا کہ کمیشن کی سفارشات کے مطابق 55 لاپتہ بلوچ طلبا پیش کریں ورنہ نگراں وزیراعظم پیش ہوں، عدالت نے بلوچ طلبا کی عدم بازیابی پر 29 نومبر کو نگران وزیراعظم کو طلب کر لیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیر دفاع، وزیر داخلہ، سیکرٹری دفاع اور سیکرٹری داخلہ کو بھی پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل عدالت میں پیش ہوئے جس پر عدالت نے کہا دوگل صاحب پہلے تو آپ کو بتادیں کہ یہ کیس ہے کیا تاکہ صورتحال واضح ہو جائے۔
جسٹس محسن اخترکیانی نے ریمارکس دیے کہ آج اس کیس کی 21ویں سماعت ہے، اس سے قبل جسٹس اطہرمن اللہ جو چیف جسٹس تھے، انکے پاس تھا یہ کیس، عدالت کے حکم پر کمیشن بنا، اس میں سوالات پیش کئے گئے، جبری گمشدگیوں کا معاملہ وفاقی حکومت کو بھیجا گیا، صرف ایک کا نہیں 51 بلوچ طلبا کا معاملہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کے وزیراعظم کو معاملہ بھیجا تھا، وزیراعظم کو خود احساس ہونا چاہیے تھا، ہم سمجھے وہ آکر کہیں گے یہ ہمارے بچے ہیں، اگر ان کے خلاف کوئی کریمنل کیس تھا تو رجسٹرڈ کرتے، آپ رپورٹ پڑھیں جو ہمیں پیش کی گئی ہے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے عدالت کو بتایا کہ جو بھی معاملہ ہو متعلقہ وزارت دیکھتی ہے یا سب کمیٹی کو بھیجا جاتا ہے، جس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا عدالت نے تو اپنا کام کرنا ہے اور اس پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے، آج 21 سماعت پر بھی ہم اسی جگہ کھڑے ہیں، ہم سمجھے آہستہ آہستہ چیزیں تبدیل ہوں گی اور لوگ واپس آجائیں گے۔
جبری گمشدگی کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد کیس، وزیراعظم آئندہ سماعت پر طلب


















