لاہور ( خبر نگار ) بلدیہ عظمیٰ لاہور کے شعبہ ریگولیشن سے کرپشن اور اختیارات سے تجاوز پر معطل کلرک نے بحال ہوتے ساتھ ہی پارکنگ اور انفورسمنٹ انسپکٹروں کو بھتہ وصولی کے چکر میں دھمکانے کاسلسلہ تیز کردیا۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ دوران معطلی بھی ریگولیشن برانچ پر اپنا اثرورسوخ قائم رکھنے کی خاطر کلرک افسروں کو بلیک میل کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے جس کے باعث سابق میٹروپولیٹن افسر ریگولیشن نے برانچ میں داخلے پر پابندی کے احکامات جاری کررکھے تھے۔ معلوم ہوا ہے کہ مبینہ طور پر کلرک قیصر حنیف نے دوران تقرری اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے افسروں کو بلیک میل کرکے کروڑوں روپے کے اثاثہ جات بنا رکھے ہیں، مقدمہ اینٹی کرپشن میں درج ہے،خود پور میں واقع کئی ایکڑ سرکاری اراضی پر قبضہ کی محکمانہ انکوائری بھی چل رہی ہے جس کے باعث کلرک کو معطل کیا گیا ،چناچہ مالی مشکلات کا سامنا کرنے کی وجہ سے کلرک نے بذریعہ کورٹ معطلی کے آرڈر کینسل کروا کر خود کو دوبارہ سابقہ سیٹ پر بحال کرنے کیلئے افسروں پر دباﺅ بڑھانا شروع کر دیاہے۔ البتہ یہاں اہم اور قابل ذکر بات یہ ہے کہ کلرک نے کورٹ سے رجو ع کرنے کے ساتھ ہی ملازموں کو دھمکاناشروع کردیا تھا وہ جلد بحال ہو رہا ہے لہٰذا اس کے مالی معاملات کو بلکل ڈسٹرب نہ کیا جائے ورنہ سیٹ پر بیٹھتے ہی آرڈر کینسل جیسی اذیت سے دوچار ہونا پڑیگا۔
بلدیہ عظمیٰ، کرپشن پر معطل کلرک دوبارہ بحال، پرانی سیٹ کیلئے افسروں پر دباﺅ


















