بہاولپور پولیس کا کریک ڈاﺅن، 11ملزمان گرفتار، بھاری منشیات اور اسلحہ برآمد

بہاولپور(قاسم بھٹی)پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھر پور کریک ڈاﺅن، گزشتہ روز مختلف کارروائیوں میں 11ملزم گرفتار کرلیے۔

ڈی پی او بہاولپور سید عباس کی طرف سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری مہم میں بڑی کامیابیاں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔ شراب فروشوں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لاتے ہوئے تھانہ چنی گوٹھ ، تھانہ اوچشریف، تھانہ سٹی یزمان اور تھانہ صدر یزمان پولیس نے 08ملزمان اللہ دتہ ، عبدالرشید، ایاز ، نعمان ، مزمل ، ذالفقار ،ممتاز اور محمد خان کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 176لیٹر شراب برآمد کرلی۔

تھانہ کوتوالی،اوچشریف اور تھانہ دھوڑکوٹ پولیس نے اسلحہ ناجائز رکھنے والوں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے 03ملزمان حمزہ ، شوکت اور فضل احمد کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 03عدد پسٹل 30بور برآمد کرلئے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ اس موقع پر ڈی پی او سید محمد عباس نے اپنے پیغام میں کہا کہ جرم جیسا بھی ہو قانون سے کسی صورت بچ نہیں سکتا، شراب اور منشیات ایک لعنت ہے، معاشرے کو ایسے ناسور عناصر سے پاک کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔