اسلام آباد(بیورورپورٹ)حج ایک لاکھ روپے سستا،مختصر دورانیے کا حج بھی متعارف،حکومت نے نئی پالیسی کااعلان کردیا۔
وزیر مذہبی امور انیق احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا وفاقی کابینہ نے نئی حج پالیسی منظور کر لی ، رواں برس حج اخراجات میں ایک لاکھ روپے کی کمی کردی، پاکستان میں کبھی ایسا نہیں ہوا آ ٓنے والا حج پچھلے حج سے سستا ہو، پاکستان میں آنے والا حج گزشتہ حج سے سستا ہوگا، حج پیکیج 10 لاکھ 75 ہزار روپے کا دے رہے ہیں، گزشتہ سال حج 11 لاکھ 75 ہزار روپے کا تھا، حج 2024 ڈیجیٹلائزڈ ہوگا، تمام 90 ہزار عازمین حج کو ایک ایک سوٹ کیس دیں گے، سوٹ کیس میں کیو آر کوڈ لگے گا ،حاجی جدید ایپ کے ذریعے گم نہیں ہو سکے گا، ہر حاجی کو موبائل کے استعمال کیلئے 7 جی بی ڈیٹا بھی دیا جائے گا، 40 روز تک ہر حاجی ایسے ہی موبائل استعمال کرے گا جیسے پاکستان میں کرتا ہے، ایک موبائل کمپنی سے بات کر لی، اگر نیٹ کام نہیں کرے گا تب بھی ایپ چلے گی۔
انیق احمد نے کہا رواں سال مختصر دورانیے کا حج بھی متعارف کرادیا ، شارٹ حج میں عازمین 20 یا 21 دن میں حج کرکے واپس آجائیں گے، سپانسرز سکیم میں قرعہ اندازی نہیں ہوگی، حاجی اگر مدینہ میں8 کی بجائے4 دن رہنا چاہیں تو پیکیج مزید 30 سے 35 ہزار روپے کم ہوجائےگا۔
وفاقی وزیرنے کہاحاجی خواتین ملک کی نمائندہ ہیں، حج کرنے والی خواتین کو عبایا بھی فراہم کریں گے، عبایا کے پیچھے پاکستان کا پرچم بنا ہوا ہے، ڈیجیٹل ایپ میں آپشن شکایت کا بھی رکھا تھا اگرکسی حاجی کوشکایت ہوئی توحج ایپلی کیشن سے براہ راست شکایت درج کرسکے گا، جیسے ہی شکایت درج ہوگی ایکشن لیا جائے گا، حج پیکیج میں ناقص کوالٹی پر کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔
نگران وزیر نے کہاسعودی حکومت نے روڈ ٹومکہ پراجیکٹ میں کراچی کو بھی شامل کرلیا ، لاہور سمیت دیگرشہروں کوبھی پروگرام میں شامل کرنے کی درخواست کردی، ائیر ٹکٹ سستا ملا تو فائدہ حجاج کوہوگا، ٹکٹ میں رعایت حجاج کرام کو واپس کریں گے،سرکاری سپانسر شپ سکیم پہلے آئیے اور پہلے پائیے کے اصول پر ہو گی اور اس میں قرعہ اندازی سے استثنیٰ ہو گا، لانگ حج پیکیج 38سے 42 دن اور شارٹ حج پیکیج 20 سے 25 دن کا ہوگا،کسی کو مفت حج نہیں کرایاجائےگا۔
حج ایک لاکھ روپے سستا،مختصر دورانیے کا حج بھی متعارف،نئی پالیسی کااعلان
















