دس سال میں قومی ٹیم کے تین کپتانوں کو برطرف کیا گیا

لاہور (مشرق نیوز) پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں 2003سے 2023تک قومی ٹیم کے تین کپتانوں کو برطرف کیا گیا،دو کو مستعفی ہونا پڑا جبکہ ایک کپتان نے ریٹائرمنٹ لے لی۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق 2003کے ون ڈے ورلڈکپ میں جہاں پاکستان گروپ اسٹیج سے باہر ہوا وہیں سے تبدیلیوں کا آغاز ہوا۔قومی ٹیم کے اس وقت کے کپتان وقار یونس کو 4سال ٹیم کی قیادت سنبھالنے کے بعد کرکٹ بورڈ کی جانب سے برطرف کردیا گیا۔2007ون ڈے ورلڈ کپ میں پاکستان آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز سے شکست کے بعد پھر گروپ اسٹیج سے ہی باہر ہوا۔اس وقت کے کپتان انضمام الحق برطرف تو نہ ہوئے لیکن انہیں ریٹائرمنٹ لینا پڑ گئی۔2011 کے ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم نے گروپ اسٹیج میں بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے شاہد آفریدی کی قیادت میں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ فیصلہ کن میچ میں بھارت نے پاکستان کو ٹورنامنٹ سے باہرکیا تو آفریدی کو بھی کپتانی سے برطرف کردیا گیا۔2015 میں مصباح الحق کی کپتانی میں پاکستان نے ون ڈے ورلڈکپ جیتنے کی امیدیں باندھیں لیکن کوارٹر فائنل سے آگے نہ جاسکا۔ اسی سال مصباح الحق کو کپتانی سے مستعفی ہونا پڑا۔سرفراز احمد 2019 کے ورلڈکپ میں بطور کپتان کھیلے لیکن ایک مرتبہ پھر ٹیم گروپ اسٹیج سے ہی باہر ہوگئی۔ پی سی بی نے سرفراز احمد کو میگا ایونٹ کے بعد ہی کپتانی برطرف کردیا۔رواں سال بھی پرانی تاریخ دہرائی دی گئی، بھارت میں جاری ون ڈے ورلڈکپ 2023 میں ناقص کارکردگی دکھانے کے بعد قومی ٹیم وطن واپس پہنچ چکی ہے، وطن واپسی کے چند دن بعد ہی کپتان بابر اعظم نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا ہے۔