دھرنا کیس، انکوائری کمیشن کو سابق آرمی چیف، وزیراعظم، چیف جسٹس کو بلانے کا اختیار

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) حکومت نے فیض آبا دھرنا فیصلے پر عملدرآمد اور ذمہ داروں کے تعین کےلئے انکوائری کمیشن تشکیل دےدیا، ریٹائرڈ آئی جی اختر علی شاہ کی سربراہی میں قائم 3 رکنی کمیشن میں سابق آئی جی طاہر عالم اور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ خوشحال خان شامل ہیں۔ وفاقی حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کرکے ٹی او آر بھی طے کردئیے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق انکوائری کمیشن ٹی ایل پی کی غیر قانونی مالی امداد کرنے والوں کی تحقیقات، کمیشن فیض آباد دھرنے کے حق میں بیان، فتویٰ دینے والوں اور ذمہ داروں کےخلاف ایکشن تجویز کریگا، تعین کیا جائےگاکوئی پبلک آفس ہولڈر قانون کی خلاف ورزی کا مرتکب تو نہیں ہوا، کمیشن پیمرا رولز کی خلاف ورزی کرنےوالے کیبل آپریٹرز ،براڈ کاسٹرز کےخلاف بھی تحقیقات کرےگا۔ میڈیا، سوشل میڈیا پر نفرت اور تشدد پھیلانے کی جانچ وبچاو¿، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دھرنوں، ریلیوں اور احتجاج سے نمٹنے کی تجاویزدی جائیں گی، کمیشن نفرت، انتہاپسندی پھیلانے والوں کے خلاف وفاقی و صوبائی حکومتوں کو فریم ورک تجویز کرےگا اور انصاف کے اصول مد نظر رکھ کر فیض آباد دھرنا فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنائے گا، تمام ایگزیکٹو اتھارٹیز ،وفاقی و صوبائی حکومتیں کمیشن کی ہر ممکن معاونت کریں گی، انکوائری کمیشن اسلام آباد میں اپنا سیکرٹریٹ بنا کر سیکرٹری مقرر کرنے کےلئے بااختیار ہے، نوٹیفکیشن میں کہا گیا انکوائری کمیشن کے سیکرٹریٹ، سیکرٹری کا خرچ حکومتی ذمے داری ہوگی، نوٹیفکیشن کے فوری بعد انکوائری کمیشن تحقیقات کا آغاز کرےگا اور انکوائری کمیشن 2 ماہ میں تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ وفاقی حکومت کو دے گا،کمیشن کو اضافی وقت درکار ہو تو وفاقی حکومت دے سکتی ہے،دوسری جانب فیض آباد دھرنا کیس پرسماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی، سپریم کورٹ نے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کی نظر ثانی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی،چیف جسٹس نے شیخ رشید کے وکیل سے سوال کیا شیخ رشید نے نظر ثانی دائر کیوں کی تھی؟وکیل نے کہا شیخ رشید خود عدالت میں بیٹھے ہیں، ایجنسیوں کی رپورٹ سے کچھ غلط فہمیاں ہوئیں جس پر نظر ثانی دائر کی گئی،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا پاکستان مذاق تو نہیں ،ملک کو مذاق نہ بنایا جائے جو دل چاہے کریں، پورے ملک کو نچوایا پھر اوپر سے حکم آیا تو نظر ثانی واپس لینے کا کہہ دیا، نظر ثانی دائر کرنا تو ٹھیک مگر 4 سال بعد واپس لینا عجیب فیصلہ ہے، ججز سمیت سب لوگ قابل احتساب ہیں، ایسا تاثر ہے سپریم کورٹ بھی باہر سے کنٹرول ہو رہی ہے، کہا جاتا ہے فلاں کیس میں فلاں فیصلہ ہو گا، عدالت میں سچ کوئی نہیں بولتا کس کے کہنے پر نظر ثانی درخواست دائر کی، نفرتیں پھیلا کر پھر لوگ خود پیچھے ہٹ جاتے ہیں، سڑکیں بند کرنے و املاک جلانے والوں کو ہیرو کہا جاتا ہے، پہلے دھرنے کے حق میں بیانات دئیے گئے، اب عدالت آ کر کہہ رہے ہیں کیس نہیں چلانا چاہتے اگر انہیں موقع ملا تو کیا ملک کی مزید خدمت کریں گے؟،شیخ رشید جواب دینے کےلئے روسٹرم کی طرف بڑھے تو چیف جسٹس نے روکتے ہوئے کہا آپ نہیں آپ کے وکیل سے بات کر رہے ہیں، آپ پھر سے عوام کی خدمت کریں گے یا گھر بیٹھ کر اللہ اللہ کرنے کا فیصلہ کر لیا؟وکیل صاحب اپنے کلائنٹ شیخ رشید سے پوچھیں کس کے کہنے پر نظر ثانی درخواست داخل کی؟ بیشک پوچھ لیں، 100 سال بھی سچ نہیں بتائیں گے، یہاں کیس مقرر ہونا بھی ایک فیصلہ ہوتا ہے، میں تو سمجھتا ہوں سب سے زیادہ قابل احتساب ہم ہیں، یہاں یہ بھی فیصلہ ہوتا ہے کون سا کیس مقرر ہونا ہے اور کون سا دبانا ہے، طے کیا جاتا ہے آج درخواست آئی ہے تو کل مقرر کرنی ہے، عدالتیں اب ایسے نہیں چلیں گی،شیخ رشید کے وکیل نے کہا آج کل تو عدالتوں کا یہی حال ہے،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا آج کل نہیں، مارچ 2018 کی بات ہو رہی ہے، فیصلوں سے پہلے بھی فیصلے ہوتے ہیں جو یہ سمجھا جاتا ہے عدالتیں کنٹرول ہو رہی تھیں، موجودہ کیس سب سے بڑی مثال ہے، معلوم سب کو ہے کون سب کچھ کر رہا تھا لیکن نام لینے کی ہمت کسی میں نہیں، ملک کو دنیا میں جگ ہنسائی کا سامان بنا دیا گیا، ملک کا دشمن کوئی بیرونی نہیں، ملک کے اندر سب خود ہی دشمن ہیں، کس کے کہنے پر نظر ثانی کی درخواست دائر کی تھی بتائیں؟،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا شیخ رشید کا نام آئی ایس آئی کی رپورٹ میں تھا، شیخ رشید خود پارلیمنٹیرین تھے، کیوں آئی ایس آئی کےخلاف کارروائی نہیں کی؟،اٹارنی جنرل نے انکوائری کمیشن کا نوٹیفکیشن سپریم کورٹ میں پیش کرتے ہوئے کہا انکوائری کمیشن فیض آباد دھرنے کے محرکات کی تحقیقات کرے گا،چیف جسٹس نے سوال کیا انکوائری کمیشن میں وزارت دفاع کے کسی نمائندے کو کیوں شامل نہیں کیا گیا؟ حکومتی کمیشن یا تو آنکھوں میں دھول جھونکنے کےلئے ہے یا پھر نئی تاریخ لکھے گا، امید ہے انکوائری کمیشن آزادانہ و شفاف تحقیقات کرے گا، ٹی او آرز میں کیوں نہیں کیسے ایک ساتھ 9 نظر ثانی درخواستیں دائر کی گئیں؟،سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو انکوائری کمیشن کے ٹی او آرز میں ایک اضافہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ٹی او آرز میں لیں ایک ساتھ نظر ثانی درخواستیں دائر ہونا حادثہ تھا یا کسی ہدایات پر ہوا؟،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کسی پر انگلی نہیں اٹھائیں گے، امید پر دنیا قائم ہے، ہم بھی امید پر بیٹھے ہیں، انکوائری کمیشن اپنا کام مکمل کر لے پھر کوئی رائے دی جا سکتی ہے، سابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے کہا انکوائری کمیشن پرکچھ کہنا چاہتا ہوں، کمیشن میں شامل سابق سرکاری افسر، سابق ڈی جی آئی ایس آئی یا سابق چیف جسٹس کو کیسے طلب کر سکیں گے؟،چیف جسٹس نے ابصار عالم سے مکالمہ کرتے ہوئے پوچھا آپ کے خدشے کی بنیاد کیا ہے؟،ابصار عالم نے کہا میرے خدشے کی بنیاد ملک کے زمینی حقائق ہیں،چیف جسٹس نے کہا ابصار عالم صاحب کمیشن پر ابھی سے خدشات کا اظہار نہ کریں، انکوائری کمیشن کو اپنا کام کرنے دیں، آپ نے سابق وزیر اعظم، آرمی چیف اور چیف جسٹس کو خط لکھا تھا، انکوائری کمیشن کے پاس اختیار ہے وہ سب کو بلا سکتا ہے، کمیشن کو سابق آرمی چیف، وزیر اعظم اور چیف جسٹس کو بلانے کا بھی اختیار ہو گا،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کمیشن کے پاس طلبی پر پیش نہ ہونے والوں کو گرفتار کرنے کا بھی اختیار ہو گا،چیف جسٹس نے کہا پوری قوم کو امید ہے انکوائری کمیشن توقعات پر پورا اترے گا، توقع ہے کمیشن قوم ،ابصار عالم کی توقعات پر پورا اترے گا،سابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے کہا عدالت نے کچھ ریمارکس دئیے تھے،چیف جسٹس نے کہا ریمارکس کو چھوڑیں، آرڈر پڑھا کریں وہی اصل بات ہوتی ہے، بہت سے سوال اور باتیں عدالت معاملہ سمجھنے کےلئے کرتی ہے،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا وزیر اعظم آفس سے نکالے جانے والے کہتے ہیں بے اختیار تھے، وزیر اعظم آرمی چیف کےخلاف کارروائی کر سکتے ہیں،ابصار عالم نے کہا سپریم کورٹ نے میری برطرفی کےخلاف اپیل عدم پیروی پر خارج کی تھی،چیف جسٹس نے کہا آپ چاہتے ہیں برطرفی حکم کےخلاف اپیل سنیں تو مقدمہ بحال کرائیں، مقدمہ بحال ہو گا تو ہی عدالت اپیل سن سکتی ہے، امید ہے آپ سمجھ گئے ہوں گے، مشورہ دےدیا ، اپیل بحال کرانا چاہیں یا نہیں یہ آپ کا فیصلہ ہے،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا حکومت نے کمیشن بنا دیا پہلے کام مکمل کرنے دیں،ابصار عالم نے کہا میں بحال نہیں ہونا چاہتا، صرف عدالتی نظام کی بہتری چاہتا ہوں،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا آپ کی جو مرضی ہے وہ کریں لیکن تقریر نہیں کر سکتے،اٹارنی جنرل نے کہا کمیشن کو مزید وقت درکار ہوا تو وفاقی حکومت وجوہات ریکارڈ کر کے مزید وقت دے گی،جسٹس اطہر من اللہ نے سوال کیا کیا کمیشن معاملے کو ڈیل کرنے کے قابل ہے؟،چیف جسٹس نے کہا پیمرا، حکومت اور اداروں کو ڈیوٹی بتائی تھی مگر نظر ثانی میں آ گئے ،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا وفاقی حکومت کو کوئی حکم نہیں دیں گے،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا صرف اپنے تحفظات بتا رہے ہیں، جہاں 4 سال کچھ نہ ہوا وہاں 2 مہینے بعد کمیشن کا کام دیکھ کر جو کہنا ہوا کہہ سکتے ہیں، امید کرتے ہیں آپ کے خدشات غلط ثابت ہوں،ابصار عالم نے کہا میں اسی امید پر انتظار کروں گا،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکمیشن پر انگلی نہیں اٹھائیں گے، سچ اگلوانا ہو تو ایک تفتیشی بھی اگلوالیتا ہے اور نہ اگلوانا ہو تو آئی جی بھی نہیں اگلوا سکتا، کیا 4 جنرلز پر مشتمل کمیشن ہوتا تو ٹھیک ہوتا؟ ریٹائرڈ افسروں سے انکوائری کرانے کا مقصد آزادانہ انکوائری ہو سکتا ہے، انکوائری کمیشن کارکردگی دکھا دے تو احتساب کریں گے،بعدازاںسپریم کورٹ نے فیض آباد دھرنا نظر ثانی کیس کی سماعت 22 جنوری تک ملتوی کر دی۔