عالمی برادری غزہ میں اسرائیلی بربریت کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرے:طاہر اشرفی

لاہور (اپنے نمائندے سے) پاکستان کے تمام مذاہب و مسالک کے قائدین نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر غزہ پر اسرائیل کی جارحیت اور بربریت کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرے ، تمام مذاہب کے قائدین نے اقوام متحدہ ، یورپ ، امریکہ ، برطانیہ ، اسلامی تعاون تنظیم کے قائدین سے اپیل کی ہے کہ وہ مظلوم فلسطینی عوام پر ہونے والے ظلم و ستم کے خاتمے کیلئے فوری طو رپر اپنا کردار ادا کریںاور فلسطینیوں پر اسرائیل کی طرف سے مسلط کر دہ جنگ کو بند کروایا جائے۔ لاہور کیتھڈرل چرچ میں مختلف مکاتب فکر کے علما و مشائخ اور مختلف مذاہب کے قائدین نے چیئرمین پاکستان علما کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان حافظ طاہر محمود اشرفی اور آرچ بشپ ڈاکٹر سبسٹین فرانسس شاکے ہمراہ یکجہتی فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ غزہ میں ہو رہا ہے وہ کسی مذہب کے ماننے والوں کے خلاف نہیں بلکہ انسانیت کے خلاف ہو رہا ہے اور انسانیت کے خلاف غزہ کی موجودہ صورتحال پر عالمی برادری کو فوری طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف سعودی عرب اور امت مسلمہ اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے، عالمی برادری کو اسرائیلی فسطائیت ختم کروانے کےلئے آگے بڑھنا ہوگا ۔ پوری دنیا غزہ میں جاری جنگ کے خاتمے کےلئے آواز بلند کررہی ہے تاکہ وہاں امدادی کارروائی شروع کی جا سکے، دنیا کو اسرائیل پر یہ ظلم ختم کرنے کےلئے دباﺅ بڑھانا ہوگا، اگر یہ جنگ پھیلی تو لبنان سے شام تک سب اس کی زد میں ہوں گے جس کا نقصان بنی نوع انسان کو ہوگا۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں چرچ ہسپتال پر بھی اسرائیلی بمباری کی گئی، جب بھی اسرائیلی حملہ ہوا تو مسلمانوں پر چرچ کے دروازے کھولے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ انسانیت کے خلاف ہوگئی ہے بارہ ہزار افراد شہید اور چار ہزار بجے شہید ہو چکے ہیں، پوری دنیا پکار رہی ہے جنگ ختم ہو امدادی سرگرمیاں شروع ہوں۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کہہ رہی تین لاکھ غزہ کے لوگوں کے کھانا پانی دوائی نہیں ہے،دنیا کو اسرائیل پر پریشر بڑھاناہوگا ظلم و ستم کو بند ہونا چاہئے۔