لوٹی دولت چھپانے کےلئے فرح گوگی نے خفیہ غیر ملکی پاسپورٹ بنوایا،تحقیقات میں ہوشربا انکشافات

اسلام آباد(بیورورپورٹ)لوٹی دولت چھپانے کےلئے فرح گوگی کا خفیہ غیر ملکی پاسپورٹ سامنے آگیا۔

ذرائع کے مطابق دسمبر 2021 میں پی ٹی آئی حکومت کےخلاف تحریک عدم اعتماد کی ممکنہ کامیابی کے پیش نظر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ نے ملک کے معروف پراپرٹی ٹائیکون کے بیٹے کو اپنی فرنٹ پرسن فرح گوگی کےلئے خفیہ انٹرنیشنل پاسپورٹ خریدنے کا ٹاسک سونپا ، معروف پراپرٹی ٹائیکون نے تاجر کو خفیہ پاسپورٹ بنانے کےلئے ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر دئیے۔

تحقیقات میں ہونےوالے انکشافات کے مطابق لوٹی دولت ،منی لانڈرنگ کی رقم چھپانے کےلئے فرح گوگی کو ونو آٹو کا پاسپورٹ بنا کر دیا گیا جو 28 مارچ 2020 کو بشریٰ کے حوالے کیا گیا، 3 اپریل 2022 کو پی ٹی آئی حکومت جانے سے 6 دن قبل فرح گوگی کو پاکستانی پاسپورٹ پر دبئی فرار کرایا گیا، دبئی کے بعد باقی تمام سفر ونو آٹو کے پاسپورٹ پر کرائے گئے تاکہ تحقیقاتی ادارے نقل و حرکت سے آگاہ نہ رہیں۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی ، بشریٰ کی اکٹھی کی گئی دولت کو دنیا کے مختلف ممالک میں چھپانے کےلئے فرح گوگی نے خفیہ پاسپورٹ پر بیرون ملک دورے کیے،چیئرمین پی ٹی آئی ،بشریٰ نے لوٹی رقم فرح گوگی کے خفیہ پاسپورٹ پر مختلف ملکوں میں ٹھکانے لگائی،دوسری جانب ن لیگی رہنما طلال چودھری نے کہاپنکی لیک اصل میں جھلکیاں ہیں ،ذمہ دار عمران خان ہیں،گوگی کو تو کوئی 10 روپے نہ دے، لاکھوں ڈالر کون دیتا رہا؟ وزارت عظمیٰ کی طاقت سے تمام کرپشن و منی لانڈرنگ ہوتی رہی۔