مفت آٹا سکیم میں 20 ارب کی کرپشن، عوام کا ایک بار پھر انکوائری تیز کرنیکا مطالبہ

لاہور (رپورٹ: نعیم جاوےد) عوام کی طرف سے ایک بار پھر مفت آٹا سکیم میں 20 ارب کی مبینہ کرپشن کے معاملے میں انکوائری تیز کرنے کا مطالبہ، سکیم میں تکنیکی اور انتظامی غلطیوں کو بھی پبلک کرنے کا بھی مطالبہ کردیا۔ واضح رہے نیب انکوائری میں مفت آٹا سکیم میں تکنیکی اور انتظامی غلطیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور فلور ملز کے درمیان ڈیٹا ری کنسائل نہ ہونے کے سبب 50لاکھ سے زائد آٹے کے تھیلوں کا سراغ نہیں مل سکا، صرف 4 کروڑ 30 لاکھ 60 ہزار تھیلوں کا ڈیٹا ری کنسائل ہوا ہے۔ درست اعداد و شمار دستیاب نہ ہونے سے نیب کو تحقیقات میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ نیب نے فلورملز کو جاری کی جانے والی گندم، آٹے کے تھیلوں کی تعداد اور تقسیم کا ریکارڈ بھی حاصل کرلیا ہے۔ مفت آٹا سکیم کا ریکارڈ آڈیٹر جنرل نے نیب کو فراہم کر دیا ہے جس کے بعد نیب نے مفت آٹا حاصل کرنے والے افراد کی رینڈم ویری فکیشن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی ٹی بی کے مفت آٹا تقسیم کے ڈیٹا کے مطابق مفت آٹا لینے والے افراد کا انتخاب کر کے انہیں ایس ایم ایس ارسال کئے جائیں گے، مفت آٹا لینے والے فرد سے تصدیق کی جائیگی کہ 3 تھیلے وصول کئے ہیں یا نہیں۔