این ڈی ایم اے نے فلسطینی عوام کیلئے امداد کی دوسری کھیپ بھیج دی

لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ کی ہدایت پرنیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے فلسطین خصوصاً غزہ میں جاری جارحیت، محاصرہ اور حملے کے پیش نظر مظلوم فلسطینی عوام کیلئے فوری امداد کی دوسری کھیپ بھجوانے کا انتظام کیا ہے۔ امدادی سامان کی روانگی تقریب اسلام آباد انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر منعقد ہوئی۔ نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی، نگران وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج کے علاوہ پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد ربائی، وزارت خارجہ اور این ڈی ایم اے کے افسران اس موقع پر موجود تھے۔ دوسری کھیپ میں 89.6 ٹن امدادی سامان حکومت کی طرف سے روانہ کیا رہا ہے جس میں 40 راشن بیگ بھی شامل ہیں۔علاوہ ازیں پاکستان میں موجود این جی اوز کی طرف سے 3 ٹن راشن بیگز، 10.8 ٹن ادویات، 26 ٹن حفظان صحت اور بچوں کی کٹس بھی امدادی سا مان میں شامل ہیں۔ یہ امدادی سامان سپیشل چارٹرڈ طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے الائرش مصر بھیجا جارہا ہے۔امدادی سامان کی یہ کھیپ مصر کی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے حوالے کیا جائے گا جو مصر سے سامان غزہ روانہ کریگا۔ اس سے قبل حکومت پاکستان نے موسم سرما کے 1000 خیموں، 4,000 کمبل اور 3 ٹن سے زائد ادویات پر مشتمل امدادی سامان کی کھیپ بھی غزہ کیلئے روانہ کی تھی۔ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی حمایت جاری رکھے گا۔