جیوپالیٹیکس ہوتی رہتی معاشی ترقی کیلئے سوچنا ہو گا:ڈپٹی سپیکر نیویارک سٹیٹ اسمبلی

لاہور(کامرس رپورٹر) نیویارک سٹیٹ اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر فلپ راموس نے امریکن پاکستان پبلک افیئر کمیٹی کے اراکین کےساتھ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا تاریخی دورہ کیا،لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے وفد کا پرتپاک استقبال اور خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ سینئر نائب صدر ظفر محمود چودھری، نائب صدر عدنان خالد بٹ، ڈپٹی سپیکر کے مشیر اطہر ترمذی اور چیئرمین امریکن پاکستانیز پبلک افیئرز کمیٹی (اے پی اے سی) ڈاکٹر اعجاز احمد نے بھی خطاب کیا۔

لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین بھی اجلاس میں موجود تھے،ڈپٹی سپیکر نیو یارک سٹیٹ اسمبلی نے کہا ان کے دورے کا مقصد ریاستوں کے مابین تعلقات قائم کرنا اور دونوں خطوں کے درمیان مختلف شعبوں بشمول زراعت، تعلیم، صحت، تجارت اور ثقافت میں تعاون کو فروغ دینا ہے، جیوپالیٹیکس ہوتی رہتی ہے، ہمیں اس سے ہٹ کر سوچنا اور معاشی ترقی کی بات کرنی چاہیے،جو پاکستانی تاجر امریکہ کےساتھ کاروبار کرنا چاہتے ہیں ان کو ہر طرح کی مدد فراہم کی جائےگی، انہوں نے تجارتی میلوں، نمائشوں اور ڈائیلاگز کےلئے بھی اپنی مدد کا یقین دلایا،انہوں نے مزید کہا امریکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، فارمیسی، زراعت اور دیگر مختلف شعبوں میں تعاون کر سکتا ہے، ہمارا بنیادی مقصد چھوٹے کاروبار کو فروغ دینا ہے۔

لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے دورے کے مقاصد کو سراہتے ہوئے کہا یہ دونوں خطوں کےلئے بہت اہمیت رکھتا ہے، لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ہمیشہ سے عالمی تعلقات کو فروغ دینے اور امریکہ کے ساتھ پاکستان کے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو بڑھانے کےلئے پرعزم رہا ہے، پنجاب اور نیویارک کی ہم آہنگی ایک بہترین آئیڈیا ہے ۔