IMFنے ”تیور “دکھاناشروع کردئیے، 10ماہ کاٹیکس پلان مانگ لیا

اسلام آباد(بیورورپورٹ)آئی ایم ایف نے ”تیور “دکھاناشروع کردئیے،پاکستان سے آئندہ 10ماہ کاٹیکس پلان مانگ لیا۔

پاکستان ،بین الاقوامی مالیاتی فنڈکے درمیان اقتصادی جائزہ پر تکنیکی سطح کے مذاکرات کے دوسرے سیشن میں پہلی سہ ماہی کے اقتصادی اعداد و شمار کا جائزہ لیاگیا،مذاکرات کے دوران آئی ایم ایف نے معاشی ٹیم سے آئندہ 10 ماہ کا ممکنہ ٹیکس محاصل پلان مانگ لیا۔

ذرائع کے مطابق تکنیکی سطح کے مذاکرات میں ٹیکس دہندگان کی تعداد 49 لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑکرنے کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا،10 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کی تفصیلات آئی ایم ایف کو فراہم کردی گئی۔

معاشی ٹیم نے آئی ایم ایف کو بریفنگ دی کاروباری لین دین اور بینکوں سے مزید 10لاکھ افراد کا ڈیٹا اکٹھا کرکے نوٹس بھجوائے جارہے ہیں، دوسرے مرحلے میں بڑے ٹیکس نادہندگان کے شناختی کارڈ بھی بلاک کیے جا سکتے ہیں،ایف بی آر نے یقین دہائی کرائی بغیر کسی شارٹ فال کے سالانہ ٹیکس ہدف پورا کریں گے،رواں مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ 2 ہزار 748 ارب ٹیکس جمع کیا جا چکا ، باقی 6670 ارب ٹیکس جون 2024 تک اکھٹا کرلیا جائے گا،ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے نئے مطالبات پر ایف بی آر اپنی رپورٹ آئندہ ہفتے پیش کرے گا۔