گیس کی قیمتوں میں دوسری بار اضافے پر نظرثانی کی جائے ،تاجر برادری کا حکومت سے مطالبہ

لاہور(نعےم جاوےدسے) صنعتکار رہنما، تاجر رہنماوں نے انڈسٹریز کیلئے یکم نومبر سے گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 10ماہ کے دوران گیس کی قیمتوں میں دوسری بار اضافہ پر نظر ثانی کی جائے کیونکہ برآمدی صنعتوں کیلئے نئی قیمت 21سو اور غیر برآمدی صنعتوں کیلئے 22سو روپے فی ایم ایم بی ٹی مقرر کرنا یعنی صنعتی مقاصد کیلئے گیس کی قیمتوں میں86.5فیصد سے زائد اضافہ غیر منصفانہ اور غیر دانشمندانہ فیصلہ ہے جس سے برآمدات سبوتاژ ہونگی ،برآمدی اہداف پورے نہ ہونے سے تجارتی خسارہ میں اضافہ اور حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی سے حکومتی مالی مشکلات بڑھیں گی،صنعتیں بند ہونگی جس سے حکومت کا صنعتی ترقی کا ویژن متاثرہوگا اس لیے حکومت صنعتی و برآمدی صنعتی شعبہ کیلئے گیس کی قیمتوں میں اضافہ پر نظر ثانی کرے اور فیصلہ واپس لیا جائے ۔ا ن خیالات کا اظہار روزنامہ ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے انجمن تاجران قائد اعظم گروپ کے مرکزی رہنما وقار احمد میاں، ہال روڈ کے تاجر رہنما حاجی نواز پپو اور محمد اعظم نے کہا کہ نگران حکومت نے پٹرول تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا دیا ہے مارکیٹوں میں پہلے ہی سناٹے ہیں،اور مزید سناٹے ہو جائیں گے۔ قومی تاجر اتحاد کے رہنماوں سید ممتاز حسین بخاری اور چوہدری اسلام کھوکھر نے گلبرگ کے تاجر رہنماو¿ں فیاض بٹ، حاجی منیر، ملک کلیم اور عمر قریشی نے کہا کہ سردیوں میں صنعتی شعبہ کیلئے گیس ہر سال بند کردی جاتی ہے اور اب یہ نیا ٹیرف عوام اور بزنس کمیونٹی کو مزید تنگ کرے گا ۔پہلے بجلی کے بلوں میں بے تحاشا اضافہ نے عوام اور صنعتی شعبہ کو دبایا ہوا ہے اب گیس کے اضافہ شدہ نئے ٹیرف سے مہنگائی کا سونامی آئے گا ۔گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے سے انڈسٹریز اپنی سکت کھودے گی ۔معیشت کے مختلف شعبوں اور عوام کیلئے گیس کی قیمتوں میں172فیصد سے زائد اضافہ کی بجائے حکومت گیس چوری روکے تو گیس کے شعبہ میں نقصانات کا تدارک ہوگا اور حکومت کو گیس مہنگی کرنے کی ضرورت نہ رہے گی۔