لاہور (خبر نگار،کرائم رپورٹر)نگراں حکومت نے پنجاب بھر میں سموگ ایمرجنسی نافذ کردی،وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت کئی گھنٹے طویل اجلاس ہوا ،ماہرین ماحولیات نے بریفنگ دی سکولوں میں چھٹی اور ٹرانسپورٹ بند کرنے سے فرق نہیں پڑےگا،حکومت نے پنجاب بھر میں سموگ ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ایک ماہ کےلئے تمام سرکاری و نجی سکولوں میں طلبا و طالبات کےلئے ماسک لازمی قرار دےدیا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا عوام سے بھی اپیل ہے ماسک کا استعمال کریں، گھروں کی تعمیر کے دوران مٹی، ریت اور ملبے پر پانی کا چھڑکاﺅ نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی، وزیر اعلیٰ نے کہاکاشتکار بھائی فصلوں کی باقیات نہ جلائیں بلکہ مناسب طریقے سے تلف کیا جائے،دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں و فیکٹریوں کےخلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے جو کچھ انسانی بس میں ہے سموگ میں کمی کےلئے ہر اقدام اٹھایا جائے، تمام متعلقہ محکمے فعال طریقے سے انسداد سموگ کےلئے کام کریں۔
دریں اثنا نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کیولری گراﺅنڈ پولیس چوکی کا دورہ کیا اور ابتر صورتحال دیکھ شدید برہمی کا اظہار کیا،محسن نقوی رات گئے کیولری گراﺅنڈ پولیس چوکی پہنچے تو کوئی پولیس اہلکار موجود نہ تھا، چوکی بند اور مال مقدمہ کے موٹرسائیکل و دیگر سامان لاوارث پڑا تھا،وزیراعلیٰ نے ڈی آئی جی ،ایس پی کینٹ کو فوری طلب کیا اور موقع پر آنے کی ہدایت دی،بعدازاں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی خالد بٹ چوک انڈر پاس پہنچے ،زیر تعمیر انڈر پاس پراجیکٹ کا دورہ کیا،محسن نقوی نے مزدوروں سے مصافحہ کیا اور کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا،وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا انڈرپاس رواں ماہ کے وسط تک ٹریفک کےلئے کھول دیا جائے گا۔
پنجاب میں سموگ ایمرجنسی نافذ، سکول بند نہ کرنے کا فیصلہ، طلبہ کیلئے ماسک لازم
















