سینٹ کافلسطین سے اظہار یکجہتی، اسرائیلی جارحیت کیخلاف قرارداد منظور

اسلام آباد(بیورورپورٹ)سینٹ نے اسرائیلی جارحیت کیخلاف اورفلسطین سے اظہار یکجہتی کی قرارداد منظور کرلی۔

قائد ایوان اسحاق ڈارکی پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا پاکستان اسرائیلی جنگی جرائم کی مذمت اور مظلوم فلسطینیوں کی مکمل حمایت کرتا ہے، اسرائیلی جارحیت فوری بند اور سیزفائز کیا جائے، اسرائیل کے جنگی جرائم کی حمایت کرنے والے ممالک شریک جرم ہیں، فلسطین کی آزاد ریاست قائم کی جائے جس کا دارلحکومت یروشلم ہو،قرارداد کی نقل تمام ممالک کے پارلیمانوں کو بھجوائی جائے گی۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا فلسطین کےلئے اسلامی ممالک کچھ نہیں کر پا رہے، ترکی بھی ایک پانی کی بوتل تک غزہ میں نہیں پہنچا پا رہا، پاکستان بھی سوائے باتوں کے کچھ نہیں کر سکتا،لگتا ہے پاکستان فلسطین کی بجائے اسرائیل کی حمایت کر رہا ہے، پاکستان ایٹمی طاقت ہے، بہت اہم کردار ادا کیا جا سکتا ہے، مجھے خود کو مسلمان کہتے ہوئے شرم محسوس ہوتی ہے۔

نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا فلسطین میں بچوں کو جس طرح شہید کیا جا رہا ہے اس کی مثال نہیں ملتی، یونیسیف عہدیدار کے مطابق غزہ قبرستان کا منظر پیش کر رہا ہے،صورتحال پوری دنیا کےلئے باعث تشویش ہے، اسرائیلی حملوں کا دائرہ کار یروشلم اور مغربی کنارے تک بڑھ گیا ،آزادانہ ذرائع کے مطابق شہادتوں کی تعداد بہت زیادہ ہے،جلیل عباس جیلانی نے کہاحکومت نے مسئلے پر واضح پیغام دیا ،سعودی عرب و دیگر ممالک کے سامنے اپنا موقف رکھا، او آئی سی فورم میں متفقہ قرارداد منظور کی گئی۔

ادھر ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا پاکستان غزہ میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے،حملہ غزہ کے لوگوں کےخلاف جنگی جرائم کے سلسلے کا تازہ ترین واقعہ ہے، عام شہریوں کو مزید قتل عام سے بچانے کےلئے فوری غیر مشروط جنگ بندی کی جائے،ترجمان نے کہا عالمی برادری خصوصاً اسرائیل کے حامیوں پر زور دیتے ہیں حملوں کو روکنے، غزہ کا محاصرہ ختم کرنے، شہریوں کے تحفظ و انسانی ہمدردی کی راہداریوں کی سہولت فراہم کرنے کےلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں تاکہ غزہ کے محصور لوگوں کو بلا تعطل امدادی سامان فراہم کیا جا سکے۔