ملک بھرمیں غیرقانونی مقیم افراد کیخلاف کریک ڈاون کا آغاز، درجنوں زیرحراست

اسلام آباد (مشرق نیوز) حکومت کی جانب سے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو پاکستان چھوڑنے کی مہلت آج ختم ہو گئی جس کے بعد تمام غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کیخلاف کریک ڈاون کا آغاز ہوگیا۔ پاکستان میں غیر قانونی موجود غیر ملکیوں کیخلاف گرینڈ آپریشن کی تیاریاں اور انخلا کے انتظامات مکمل ہوگئے ، اب تک ایک لاکھ 4 ہزار 481 افغان پناہ گزین واپس جا چکے ہیں۔

وزارت داخلہ کی جانب سے صوبوں کو غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی بے دخلی کا حکم جاری کردیا گیا ہے ، معمولی جرائم میں زیر تفتیش اور سزا یافتہ غیرقانونی مقیم غیر ملکیوں کو بے دخل کردیا جائیگا۔حکم کے مطابق کوئی پاکستانی غیرقانونی تارکین وطن کو پناہ دینے میں ملوث ہوا تو قانونی کارروائی ہوگی۔

بے دخلی کے منصوبے کا اطلاق پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں پر ہو گا، منصوبے کے اطلاق میں کسی بھی ملک یا شہریت کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا جائیگا۔ سکیورٹی فورسز نے میپنگ اور جیو فینسنگ کرکے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی نشاندہی کا عمل مکمل کرلیا ہے۔