فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی غیرقانونی، جاننا چاہتے ہیں فیض آباد دھرنے کا ماسٹر مائنڈ کون تھا؟ چیف جسٹس

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) فیض آباد دھرنا کیس میں وزارت دفاع، آئی بی، پی ٹی آئی کی نظر ثانی درخواستیں خارج، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے حکومت کی جانب سے بنائی گئی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے کہا جاننا چاہتے ہیں فیض آباد دھرنے کا ماسٹر مائنڈ کون تھا۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کیس پر سماعت کی۔ آغاز پر اٹارنی جنرل بیرسٹر منصور اعوان نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن پڑھا، چیف جسٹس نے استفسار کیا کمیٹی اپنی رپورٹ کس کو پیش کریگی؟ اٹارنی جنرل نے کہا کمیٹی اپنی رپورٹ وزارت دفاع کو پیش کریگی، پھر سپریم کورٹ کے سامنے پیش کی جائےگی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے ساری مشق سے اصل چیز مسنگ ہے، سب آئی واش ہے، تمام لوگ نظرثانی واپس لے رہے ہیں تو کمیٹی ٹی او آرز آنکھوں میں دھول کے مترادف ہے۔ جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کیا آپ ضمانت دیتے ہیں ملک میں جو ہو رہا ہے آئین کے مطابق ہے؟ چیف جسٹس نے کہا آپ معاملے کو ہینڈل کرنے کے اہل ہی نہیں، ایک صاحب باہر سے امپورٹ ہوتے ہیں اور پورا ملک مفلوج کردیتے ہیں۔ جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کمیٹی کس نے بنائی؟ اٹارنی جنرل نے کہا کمیٹی وفاقی حکومت نے قائم کی، جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کیا وفاقی کابینہ کی منظوری لی گئی؟ کیا کمیٹی انکوائری کمیشن ایکٹ کے تحت قائم کی گئی؟ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے ایسا نہیں ہوا تو تشکیل کا نوٹیفکیشن کاغذ کا ٹکڑا اورکمیٹی غیرقانونی ہے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا آپ نے انکوائری کمیشن ایکٹ کے تحت تحقیقات کیوں نہیں کرائیں؟ فرض کیا ابصارعالم کوکمیٹی بلاتی ہے اور وہ پیش نہیں ہوتے توآپ کیا کریں گے؟ انکوائری کمیشن ایکٹ کے تحت قائم کمیشن کے پاس تو اختیارات ہوتے ہیں، ایکٹ کے تحت قائم کمیشن سے سب ادارے تعاون کے پابند ہوتے ہیں، آپکی بنائی گئی کمیٹی کے سامنے تو کوئی پیش نہیں ہوگا۔ چیف جسٹس نے کہا آپ ٹھیک طریقے سے کام کریں یا کہیں نہیں کرتے، اٹارنی جنرل نے جواب دیا کام کریں گے،جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیئے آئین کی بالادستی کسی بھی قیمت پر یقینی بنانا ہوگی ،چیف جسٹس نے کہا کسی پر اثرات ہوں گے تو باقی بھی سوچیں گے کچھ غلط کیا تو نتائج بھگتنا ہوں گے، انکوائری میں یہ بات بھی سامنے آنی چاہیے پہلے سب نے فیصلے کیخلاف نظرثانی کیوں دائرکی، آپکے پاس موقع ہے کسی ایسے شخص سے انکوائری کرائیں جو آئین کو مقدم رکھتا ہو، آپکی مرضی ہے انکوائری کیلئے جس کو مرضی تعینات کریں، ابصارعالم کے بیان کے مطابق تو الیکشن کمیشن سمیت تمام ادارے آزاد نہیں تھے۔ سماعت کے دوران سپریم کورٹ کی جانب سے چیئرمین پیمرا کو طلب کیا گیا، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کیا کوئی کینیڈا جا کر فساد کرکے واپس پاکستان آسکتا ہے، کیا حق صرف کینیڈا سے آنےوالوں کو حاصل ہے، کون لےکر آیا تھا؟ کینیڈا سے سبق سیکھیں، انہوں نے ایک شخص کے قتل پر بڑے ملک سے ٹکر لے لی، کینیڈا واپس چلے گئے تو بتائیں جس کام کیلئے آئے تھے کیا وہ حل ہوگیا؟ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے اسلام امن کا دین ہے وہ اسلام کو بھی بدنام کررہے ہیں، کیا وہ اسلام کی بات کر رہے تھے تو کیا سب ڈر جاتے، ایک مسلمان کوڈرنا نہیں چاہئے، فساد فی الارض کی گنجائش نہیں۔ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا فیض آباد دھرنا لینڈ مارک فیصلہ تھا، چیف جسٹس نے کہا میرے مطابق تو وہ سادہ سا فیصلہ تھا، تب اچھی یا بری جیسی بھی حکومت تھی عوام کی منتخب کردہ تھی، کوئی غلط قانون بن گیا تو سپیکر کو خط لکھ دیتے آپ سے غلطی ہوگئی۔ سماعت کے دوران چیئرمین پیمرا سلیم بیگ عدالت میں پیش ہوئے تو روسٹرم پر بلا لیا گیا، چیف جسٹس نے مکالمہ کرتے ہوئے کہا سابق چیئرمین ابصارعالم نے بیان حلفی دیا، تعجب ہوا آپ کے وکیل نے کہا وہ بیان پڑھا نہیں، چیئرمین پیمرا نے جواب دیا ابصارعالم نے جو کہا وہ انہیں کےساتھ ہوا ہوگا۔ جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا آپ کےساتھ یہ کبھی نہیں ہوا؟ سلیم لیگ نے کہا میرے ساتھ ایسا کبھی نہیں ہوا، چیف جسٹس نے استفسار کیا کیا آپ کو ذاتی طور پر پتہ ہے بیان حلفی میں کیا کہا گیا؟ انہوں نے کہا مجھے کچھ خاص پتہ نہیں، چیف جسٹس نے استفسار کیا آپ کب سے چیئرمین پیمرا ہیں اور کس محکمے سے آئے ہیں ؟ سلیم بیگ نے کہا میں 2018 سے چیئرمین پیمرا ہوں اور وزارت اطلاعات سے آیا۔ چیف جسٹس نے کہا آپ کو اسلئے بلایا پیمرا وکیل نے جو کہا وہ زیب نہیں دیتا، آپکے ایڈووکیٹ آن ریکارڈ نے پتہ کرنا ہوتا ہے عدالت میں کیا آیا،چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو آرٹیکل 19 پڑھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا آرٹیکل خود بتاتا ہے کیا کیا معاملات آزادی اظہار رائے میں شامل نہیں، کوئی چینل اگر جلاو گھیراو پر بھڑکائے تو آزادی اظہار نہیں، نہیں کہتے بالکل کسی کا گلا دبا دیں مگر یہ آزادی اظہار رائے نہیں۔ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا سلیم بیگ صاحب آپ اعتراف کر رہے ہیں فیصلے میں جوکچھ لکھا وہ درست تھا۔ چیف جسٹس نے کہا فیصلے کے مطابق آپ نے بھی کچھ کرنا تھا، جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا بتائیں پیمرا نے اب تک فیصلے کے مطابق کیا کارروائی کی؟ چیف جسٹس نے استفسار کیا پیمرا نے 110 صفحات کی عملدرآمدرپورٹ دی اس میں عدالتی احکامات کاکہاں لکھا ہے، کینٹ علاقوں میں چینلز کی نشریات روکنے پرکہاں کارروائی کا لکھا؟ چیف جسٹس نے چیئرمین پیمرا پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا آپ کس چیز کے چیئرمین ہیں، ہر ادارہ مذاق بن کر رہ گیا، جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے ہر بندہ کرسی سے اترنے کے بعد کہتا ہے مجھ پر دباﺅ تھا، سب سے بڑا مسئلہ ہی یہ ہے، بتائیں نشریات بند کرنے والے کیبل آپریٹرز کیخلاف کیا کارروائی کی؟ چیف جسٹس کی برہمی پر وکیل پیمرا نے وکالت نامہ واپس لے لیا اور ایس اے رحمان روسٹرم سے ہٹ گئے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سلیم بیگ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ کا نام فیض آباد دھرنا کیس میں شامل ہے، آپ نے غلط بیانی کیوں کی آپکی تعیناتی بعد میں ہوئی، کیا آپکو فیصلہ پسند نہیں تھا، فیصلے پر عمل نہیں کرتے تو توہین عدالت بھی ہوسکتی ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا چیئرمین پیمرا کی مدت ملازمت کتنی ہے جس پر سلیم بیگ نے کہا 4 سال کی مدت ہے، چیف جسٹس نے پوچھا پھر آپ کیسے اب تک بیٹھے ہیں، چیئرمین پیمرا نے کہا دوبارہ تعیناتی کی گئی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا آپ کی عمر کتنی ہے، سلیم بیگ نے کہا اس وقت عمر 63 سال ہے، چیف جسٹس نے کہا اسوقت کا کیا مطلب ہے، عمر ہی پوچھی ہے کل کی نہیں، سکول میں کوئی ایسا جواب دے تو استاد کونے میں کھڑا کردےگا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ابصار عالم نے لوگوں کا نام لیا آپ میں بھی جرات نہیں، آپکو کس نے نظرثانی درخواست دینے کا کہا تھا، ایمانداری سے جواب دیں، چیئرمین پیمرا نے کہا پیمرا میں فیصلہ ہوا تھا نظرثانی میں جائیں گے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا آپ جواب نہیں دے رہے تو آرڈر کریں گے، ہمت پکڑیں بتادیں نظرثانی میں جانے کا کس نے کہا تھا، پیمرا میں منظوری ہوئی تو وہ کہاں ہے؟ چیئرمین پیمرا نے کہا منظوری تحریری نہیں زبانی تھی۔ چیف جسٹس نے پوچھا زبانی فیصلہ کیسے ہوسکتا ہے،چیئرمین پیمرا نے کہا غلطی ہوئی نظرثانی درخواست دائر کی۔ چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے ڈائریکٹر لا پیمرا کو بلایا اور استفسار کیا یہ توسچ نہیں بول رہے آپ ہی بتا دیں نظرثانی کا کس نے کہا تھا؟ انہوں نے کہا مجھے علم نہیں،چیف جسٹس نے ڈائریکٹر لا کو ہدایت کی قانون پڑھیں کیا پیمرا میں زبانی فیصلہ ہوسکتا ہے، آپ کو آپ کا قانون پڑھائیں گے،بعدازاں چیف جسٹس نے ڈائریکٹر لا پیمرا سے سیکشن 5 پڑھوائی اورکہا آپ نے پڑھی ہوتی تو یہ نہ کہتے تحریری فیصلے کا کہیں نہیں لکھا۔ چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا چیئرمین پیمرا کہہ رہے ہیں نظرثانی کا پتہ ہی نہیں کیسے دائر ہوئی، کوئی پراسرار قوتیں تھیں جنہوں نے نظرثانی درخواست دائر کرائی۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے چیئرمین پیمرا سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا اگرنظرثانی کا تحریری فیصلہ نہیں ہوا توآپکی نظرثانی درخواست وجود ہی نہیں رکھتی، آپ تو پھر صرف وقت ضائع کرنے آئے تھے، 3 حکومتوں میں آپ چیئرمین پیمرا رہ چکے تینوں آپ سے خوش نہیں، نظرثانی درخواست پر دیکھیں کس کے دستخط ہیں، سلیم بیگ صاحب درخواست پر آپکے دستخط ہیں، لکھا ہوا ہے آپ نے اختیارات کا استعمال کر کے منظوری دی، آپ دوسروں کے کندھوں پر بندوق نہ چلائیں ذمہ داری لیں نظرثانی آپ نے دائر کی، آپ کس سے ڈرتے ہیں۔ چیئرمین پیمرا نے جواباً کہا صرف اللہ سے ڈرتا ہوں۔ چیف جسٹس نے کہا اللہ سے ڈرتے ہیں توہماری عمروں میں کوئی بھی دن آخری ہوسکتا ہے، آپ پر دباو نہیں تھا تو اب آپ پر قانون کا دباو ہے، حتمی آرڈر سے پہلے کچھ اور کہنا چاہتے ہیں، ہمارے ساتھ گیم تو نہ کھیلیں، آپ کو تو خوش ہونا چاہیے تھا سپریم کورٹ پیچھے کھڑی ہے۔ جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیئے ابصارعالم نے اس وقت کے وزیراعظم کو بھی خط لکھا، ہر وزیراعظم کرسی سے اتر کر کہتا ہے میں مجبور تھا، جو ابصار عالم نے کیا وہ ہر پبلک آفس ہولڈر کو کرنا چاہئے۔ ابصار عالم نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی بتایا، چیف جسٹس نے ابصار عالم کو روسٹرم پر بلایا اور کہا آپ نے بیان حلفی میں کچھ اور بات لکھی متفرق درخواست میں کچھ اور کہہ رہے ہیں، آپ نے کچھ میڈیا میں موجود عناصر کی بات کی، میڈیا کے اندر کچھ ایسے عناصر تھے تو وہ آپ کے ماتحت تھے، کیا آپ پر میڈیا کے اندر سے بھی حملہ ہورہا تھا؟ ابصار عالم نے کہا میڈیا کے اندر اور باہر سے بھی حملہ ہو رہا تھا،جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کیا وزیراعظم نے آپکو خط کا جواب دیا تھا، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پوچھا آپ وزیراعظم ہوتے تو کیا کرتے، میں وزیراعظم ہوتا تو آپ کوکہتا جو دباو ڈال رہے ہیں انکی شناخت کریں اور ایف آئی آر درج کرائیں، وزیر اعظم کوئی پولیس والا تو نہیں ہے نا، ابصار عالم نے کہا ایک دھمکی آمیز کال ٹیپ کی ،وزیراعظم اور آرمی چیف کو بھیجی، چیف جسٹس نے استفسار کیا آپ نے دھمکی دینے والے کی شناخت کی؟ ابصار عالم نے کہا میں ٹھیک سے شناخت نہیں کرسکا۔ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے ابصارعالم آپ بہت سنجیدہ معاملہ اس وقت اعلیٰ حکام کے نوٹس لائے۔ المیہ ہے وزیراعظم سمیت کسی نے جواب نہیں دیا، ابصار عالم نے کہا میں نے جو بھی کیا اور جس سے گزرنا پڑا وہ میرا سرمایہ ہے، میرے خلاف مختلف درخواستیں بھی دائر ہوئیں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا آپ کےخلاف درخواستیں کیوں دائر ہوئیں تھیں؟ سابق چیئرمین پیمرا نے کہا میری تعیناتی کو چیلنج کیا گیا ،درخواستیں مجھ پر تلوار کی طرح زیر التوا رکھی گئیں، فیض آباد دھرنے کے فوری بعد لاہور ہائیکورٹ نے ایک درخواست پر مجھے فارغ کردیا، چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے ریمارکس دیئے آپ زبانی باتیں نہ کریں وہ فیصلہ دکھائیں ،ابصار عالم نے کہا میں تو معاملے کو چلانے میں دلچسپی رکھتا تھا،عدالت نے کہا تو سچ ریکارڈ پر لا رہا ہوں،چیف جسٹس نے کہا یہ نہ کریں یا تو خاموش رہیں اورگھر بیٹھیں ،کوئی اعتراض نہیں،آپ جب انگلیاں اٹھائیں گے مجھے عدالت نے نہیں بلایا تو بات عدالت پر آئےگی،آپ کے معاملے پر سوموٹو نہیں لے سکتے،جن فیصلوں کا حوالہ دے رہے ہیں وہ سامنے ہوں گے تو دیکھیں گے،چیف جسٹس نے استفسارکیا کیا آپ جوکچھ کہہ رہے ہیں اس پرآپ کو نکالا گیا؟ابصار عالم نے ہاں میں جواب دیا،جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے ابصارعالم آپ نے پورے نظام پرسوالات اٹھائے،آپ کے بعد آنے والے کہتے کوئی دباونہیں تھا،ابصار عالم نے کہایہ خوش قسمت ہیں،چیف جسٹس نے استفسار کیا آپ نے جن پر الزامات لگائے کل انکوائری کمیشن میں بھی دہرائیں گے جن پر آپ الزامات لگا رہے ہیں انہیں بھی وہاں بلایا جا سکتا ہے، کسی کی پیٹھ پیچھے بات نہیں ہوتی آپ سامنے یہی بات کریں گے، ابصار عالم نے کلمہ پڑھ کر کہہ دیا میں بیان دوں گا،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے آپ الزام لگا رہے ہیں عہدے سے ہٹانے کی درخواست بھی انہی صاحب نے دائر کرائی، ابصار عالم نے کہا لاہور کے کوئی منیر نامی شہری تھے جنہوں نے اظہرصدیق کے ذریعے درخواست دی، میں سمجھ گیا تھا کہاں سے ہو رہا ہے،چیف جسٹس نے استفسار کیا بیان حلفی میں جن پر آپ نے الزام لگایا کیا آپ کے مطابق وہی اس کے پیچھے تھے؟، ابصار عالم نے کہا میرے خلاف درخواست ان کے آنے سے پہلے آچکی تھی،چیف جسٹس نے پوچھا کیا آپ کو فیض آباد دھرنا فیصلے پر اعتراض ہے؟، ابصار عالم نے کہا میں اس وقت چیئرمین پیمرا تھا اپنی حد تک صفائی دینا چاہتا تھا،چیف جسٹس نے سوال کیا کیا آپ کو فیصلے کے پیرا گراف 10پر رنجش ہے؟،ابصار عالم نے کہا تھوڑی سی رنجش ہے، فیصلے میں کہا گیا پیمرا کو لازمی کارروائی کرنی چاہیے، حقیقت یہ ہے ہم نے کارروائی کی تھی، ایک نجی چینل کو بند کیا تو فیض حمید نے کال کی،چیف جسٹس نے استفسار کیا وہ چینل کو کیوں کھلوانا چاہتے تھے؟، ابصار عالم نے کہاچینل تشدد پھیلا رہا تھا اس لیے کھلوانا چاہتے تھے،چیف جسٹس نے استفسار کیا آپ کہہ رہے ہیں مسلح افواج کا افسر ملک میں تشدد چاہتا تھا، ابصار عالم نے جواباً کہا یہ کہتے ہوئے دل لہو ہوتا ہے مگر میرا خیال ہے وہ یہی چاہتے تھے،چیف جسٹس نے پوچھا آپ کےساتھ آپ کے جانشین کھڑے ہیں انہوں نے نظرثانی کیوں دائر کی، ابصار عالم نے کہا یہ جانشین نہیں مجھ سے سینئر ہیں جانشین کم عمر ہوتا ہے، چیف جسٹس نے استفسار کیا میری اردو اتنی اچھی نہیں بتائیں انہوں نے نظرثانی کیوں دائرکی؟،ابصار عالم نے کہا نظرثانی جب دائر ہوئی اس وقت فیض حمید ڈی جی آئی ایس آئی تھے، اپنے تجربے سے بتا رہا ہوں انہیں یا وزارت اطلاعات نے یا پھر کسی انٹیلی جنس ادارے نے کہا ہوگا،چیف جسٹس نے چیئرمین پیمرا سے پوچھا سلیم بیگ صاحب بتائیں پھر دونوں میں سے کس نے کہا؟ آپ نہیں بتاتے تو پھر انکوائری کمیشن میں جائیں گے وہ شاید آپ سے سچ اگلوا لیں، گھر میں سے تو کسی نے فرمائش نہیں کی نظرثانی درخواست دائر کریں،چیف جسٹس نے کہا ابصارصاحب! آپ پر ہی دباوہوتا تھا ان پرنہیں آتا، ابصار عالم نے کہا یہ خوش قسمت انسان ہیں، چیف جسٹس نے کہا آپ پھر بدقسمت ٹھہرے ،ابصار عالم نے کہا لیکن میں خوش ہوں،شیخ رشید کی جانب سے ایڈووکیٹ آن ریکارڈ پیش ہوئے اورکہاشیخ رشید سے رابطہ نہیں ہو رہا ،جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے وہ تو کہہ رہے ہیں چلے سے واپس آگیا ہوں،ایڈووکیٹ آن ریکارڈ نے کہا شیخ رشید کی درخواست واپس لینا چاہتے ہیں، چیف جسٹس نے استفسار کیا شیخ رشید آپ سے رابطے میں نہیں تو درخواست واپس لینے کا کس نے کہا؟، ایڈووکیٹ آن ریکارڈ نے کہا مجھے شیخ رشید کے وکیل امان کنرانی نے ہدایات دیں،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے امان کنرانی اب وزیر ہیں وہ آپ کو ہدایات نہیں دے سکتے، آپ کب سے ایڈووکیٹ آن ریکارڈ ہیں آپ کا لائسنس منسوخ نہ کر دیں، شیخ رشید کا کسی کو پتہ ہے کیا وہ جیل میں ہیں؟ ، شیخ رشید یہاں کیوں نہیں ؟،اٹارنی جنرل نے کہا شیخ رشید میڈیا پر آ رہے ہیں ،جسٹسقاضی فائز عیسیٰ نے کہا میڈیا تو یہاں بیٹھا ہوا ہے، ایڈووکیٹ آن ریکارڈ کا رابطہ نہیں تو درخواست واپس کون لے رہا ہے، نوٹس جاری کریں گے،عدالت کی جانب سے الیکشن کمیشن کے وکیل کو روسڑم پر بلایا گیا اور چیف جسٹس نے مکالمہ کیا آپ تو آزاد ادارہ ہیں، کیا الیکشن کمیشن نے فضول نظرثانی دائرکی جو اب واپس لینی ہے ،جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا اس وقت الیکشن کمیشن کا سربراہ کون تھا؟،وکیل نے کہاسردار رضا چیف الیکشن کمشنر تھے،چیف جسٹس نے وکیل الیکشن کمیشن کو ٹی ایل پی ذمہ داروں کےساتھ حافظ کا لفظ استعمال کرنے سے روک دیا اور استفسار کیا الیکشن کمیشن نے اب عملدرآمد رپورٹ دی ہے اس میں کیا ہے؟ دکھائیں کیا عملدرآمد کیا گیا آج کل وکالت کم اور لفاظی زیادہ ہورہی ہے،چیف جسٹس نے وکیل الیکشن کمیشن سے مکالمہ کیا آپ آئینی ادارے میں انہیں حافظ کیوں کہہ رہے ہیں؟، آپ لوگوں سے مساوی سلوک نہیں کرتے، آپ نے عملدرآمد رپورٹ میں جو کچھ لکھا وہ فیصلے سے پہلے کا ہے، عدالتی فیصلے کے بعد کیا اقدامات لیے وہ بتائیں،وکیل نے کہا الیکشن کمیشن نے معاملے پر کمیٹی بنائی تھی ،جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا الیکشن کمیشن نے تو کارروائی کرنی تھی کمیٹی بنانے کی ضرورت نہیں تھی ،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے آپ نے صرف یہ بتانا تھا ایک جماعت بطور سیاسی جماعت رجسٹرڈ ہوسکتی تھی یا نہیں جس شخص کے نام پر تحریک لبیک رجسٹرڈ ہوئی اسے کمیٹی میں بلایا یا نہیں، ہاں یا نہ میں جواب دیں۔
وکیل نے کہانہیں پارٹی کے چیئرمین کو بلایا تھا جس پر چیف جسٹس نے کہا شکر ہے سچ نکل آیا،چیف جسٹس نے استفسار کیا ایک بیرون ملک رہنے والا شخص پارٹی کیوں رجسٹرڈ کرائے گا؟، ایک ہی رات میں پارٹی کیسے رجسٹرڈ ہو جاتی ہے، کچھ لوگ کہہ دیتے ہیں اوپر سے حکم آیا تھا، آپ نے تو اپنی عقل و دانش استعمال کی ہو گی، ہماری آنکھوں میں دھول مت جھونکیں، دکھائیں پارٹی رجسٹریشن کے ساتھ 2 ہزار لوگوں کے شناختی کارڈ کہاں لگے ہیں،وکیل نے کہا پارٹی کی فنڈنگ پرچھان بین کی تھی،جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے اصل مسئلہ تھا پاکستان کا شہری نہ ہونے والا کیا جماعت رجسٹرڈ کرا سکتا ہے ،چیف جسٹس نے پوچھا آپ الیکشن ایکٹ 2017 کے تابع ہیں تو بتائیں عمل کیا ؟،چیف جسٹس نے الیکشن کمیشن کی عملدرآمد رپورٹ مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دئیے فائل آپ واپس لے جائیں اور بتائیں آپ نے قانون پر عمل کیا ، ہمارے فیصلے کو بھول جائیں اپنا قانون دیکھ کر بتائیں، کیا قانون صرف طاقچوں میں رکھنے کیلئے ہے کیا عمل نہیں کرنا ؟،چیف جسٹس نے استفسار کیا فارن فنڈنگ کا بتائیں آپ نے کیا لکھا، رپورٹ میں تو آپ فارن فنڈنگ کا مان رہے ہیں، آپ کہہ رہے ہیں 15 لاکھ فارن فنڈنگ سے آئے تو معمولی رقم ہے، آپ نے15 لاکھ کی رقم کیلئے پِینَٹ کی اصطلاح استعمال کی کیا کوئی قانونی اصطلاح ہے؟،جسٹس امین الدین نے ریمارکس دیئے اس وقت کے فنڈ 50 لاکھ سے کچھ زیادہ تھے یہ تو 30 فیصد رقم بن جاتی ہے، جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے بیرون ملک سے جو انفرادی طور رقوم بھیجی جائیں وہ ممنوعہ نہیں ، اٹارنی جنرل نے کہا یہ درست ہے صرف کسی دوسرے ملک کی حکومت یا کمپنی سے آئے فنڈز ہی ممنوع ہیں،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا اگر کوئی ممنوع فنڈز پائے جائیں تو ضبط ہی ہوں گے،چیف جسٹس نے وکیل الیکشن کمیشن سے کہاآپ الیکشن کمیشن کی نہیں کسی اور کی وکالت کر رہے ہیں، آپ کسی اور کی وکالت کر رہے ہیں تو کرتے رہیں، ہمیں لگا تھا آئینی ادارہ کہے گا غلطی ہوئی یہ تو کسی کے دفاع میں بیٹھا ہوا ہے، آپ نے انہیں کہا تھا 15 لاکھ بھیجنے والے کا نام بتائیں، رقم بھیجنے والے نے اگر کہا تھا نام ظاہر نہیں کرنا تو رقم واپس کر دیتے، پاکستانی قانون تو ایسی رقم لینے کی اجازت نہیں دیتا، تحریک لبیک کو آئی فنڈنگ کی تفصیل میں ایک بھی راونڈ فگر نہیں، ظاہرہوتا ہے فنڈز بیرون ملک سے ہی آئے تھے جو کرنسی تبدیل کرکے ایک بھی راونڈ فگر نہیں بنا،وکیل نے کہا وقت دیا جائے تو جائزہ لیں گے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے اگر آپ نے عملدرآمد نہ کیا تو بتائیں ہم کیا کریں گے،جواب میں وکیل نے کہامیں کہہ ہی نہیں سکتا عملدرآمد نہیں کریں گے،اٹارنی جنرل نے کہا وہ آئینی ادارہ ہے میرا خیال ہے انہیں ادراک ہے ،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے یہ بھی عجیب حسن اتفاق ہے ایک ہی دن آئینی اداروں نے نظرثانی درخواستیں دائرکیں ،اٹارنی جنرل نے جواباً کہا یہ بھی حسن اتفاق ہے 4سال بعد نظرثانی درخواست مقرر ہوئی،چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے کہا اچھا آپ اس حسن اتفاق پر شعر ہی سنا دیں ،اٹارنی جنرل نے کہا بات نکلے گی تو بڑی دور تلک جائے گی،چیف جسٹس نےک ہا نہیں کہتے فلاں کو جیل میں ڈال دو یا فلاں پارٹی پر پابندی لگا دیں، سپریم کورٹ نے سماعت 15نومبر تک ملتوی کر دی،بعدازاں تحریری حکم نامے میں کہا گیاعدالت نے وزارت دفاع ،آئی بی کی نظرثانی درخواستیں واپس لینے پر خارج کردی ں، اٹارنی جنرل نے کہا حکومت سے انکوائری کمیشن قائم کرنے کی سفارش کریں گے ،انکوائری کمیشن کے قیام کا نوٹیفکیشن پیش کرنے کی مہلت مانگی ،اٹارنی جنرل نے کہاوفاقی حکومت فیصلہ تسلیم کرتی ہے اور عملدرآمد کیلئے تیار ہے،حکم نامے میں کہا گیا سابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم سے پوچھا کیا آپ فیض آباد دھرنا فیصلے سے رنجیدہ ہیں، انہوں اپنے فیصلے میں ایک پیراگراف کی نشاندہی کی، ہم نے ان کی ذات پر کوئی آبزرویشن نہیں دی ، فیصلے میں آبزرویشن پیمرا اتھارٹی پر تھی ، ابصار عالم سے پوچھا کیا وہ اپنا الزام انکوائری کمیشن میں متعلقہ شخص کی موجودگی میں دہرائیں گے انہوں نے انکوائری کمیشن میں بیان اور خود کو جرح کیلئے پیش کرنے پررضامندی دکھائی،اٹارنی جنرل نے فیض آباد دھرنے پر انکوائری کمیٹی کے قیام سے آگاہ کیا، افسوس سے کہنا پڑتا ہے معاملے پر وہ سنجیدگی نہیں دی گئی جس کا متقاضی تھا،حکم نامے میں کہا گیا پیمرا وکیل سے پوچھا گیا وہ ابصار عالم کے الزامات پر کیا کہیں گے؟ پیمرا وکیل ایس اے رحمان نے کہا کاپی ابھی ملی،وکیل پیمرا سے پوچھا گیا عملدرآمد رپورٹ میں فیصلے پرعمل کہاں ہے؟،ایس اے رحمان نے کہا وہ عدالت کے سامنے دلائل نہیں دینا چاہتے،چیئرمین پیمرا سلیم بیگ نے متضاد بیانات دیئے، توجہ پیمرا قانون کے سیکشن 5 کی جانب دلائی گئی،اٹارنی جنرل کو چیئرمین پیمرا کی جانب سے بولنے پر ٹوک دیا گیا اور چیف جسٹس نے کہا مسٹر آپ ایک ادارے کی آزادی میں مداخلت نہ کریں، آپ بولیں گے تو لگے گا پیمرا آپ کے احکامات پر چلتا ہے ،چیف جسٹس نے کہا آپ پیراگراف 35 کی بات کرتے ہیں اس کا ذکر آپ کی درخواست میں نہیں اب بتائیں کیوں نظرثانی درخواست دائر کی تھی؟ ، نہ بولے توسخت جملہ لکھوائیں گے،حکم نامے میں لکھا گیا چیئرمین پیمرا نے عدالت کو گمراہ کرنے اور معلومات چھپانے کی کوشش کی،سلیم بیگ نے کہا سپریم کورٹ میں معافی مانگتا ہوں ،چیف جسٹس نے کہاآپ کو کوئی توہین جاری نہیں کی، حکومت آپ کے کنڈکٹ کا جائزہ لے گی،عدالت نے پی ٹی آئی کی نظرثانی درخواست بھی واپس لینے پر خارج کر دی ، انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے شیخ رشید کو نوٹس جاری کیا جاتا ہے،شیخ رشید کو موقع دیا جاتا ہے اپنی درخواست کی پیروی کریں،حکم نامے کے مطابق ایم کیو ایم کی نظرثانی درخواست بھی واپس لینے پر خارج کر دی گئی جبکہ اعجاز الحق کی حد تک نظر ثانی درخواست نمٹا دی گئی