اقلیتوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا :کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں اقلیتوں کا ہمیشہ اہم کردار رہا ہے اور زندگی کے ہر شعبے میں وہ اپنی اہم ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا اور انکے مسائل کا حل ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے اب تک ملک کی ترقی اور استحکام میں اقلیتوں نے اہم کردار ادا کیا ہے جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں فادر ندیم جوزف اور قومی کمیشن برائے امن و انصاف کے ضلعی نمائندہ اشکناز کھوکھرکی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں اور وہ زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ اس موقع پر وفد نے اقلیتوں کے تحفظ، وظائف، نفرت انگیز مواد کا خاتمہ اور ملازمت کوٹہ پر عملددرآمد یقینی بنانے کے حوالے سے اقدامات کرنے کیلئے تحریری درخواست بھی پیش کی۔بابو آصف، نوید یوسف اور مائیکل شالوم بھی ملاقات کرنے والے وفد میں شامل تھے۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شہر کے اندر لگنے والی فروٹ و سبزی منڈیوں کو عارضی طور پر کسی کھلی جگہ منتقل کرنے کی ہدایت کر دی۔ شہر کے اندر منڈیوں سے چرچ روڈ، کھوکھا بازار اور گلستان روڈ پر صبح 10بجے تک ٹریفک بند رہتی ہے جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار رہتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پاک پتن روڈ پر نئی منڈیوں کی تعمیر مکمل ہونے تک انہیں کسی اور کھلی جگہ شفٹ کر دیا جائے تاکہ ٹریفک کے مسائل سے بچا جا سکے۔دریں اثناءانہوں نے کہا کہ مڈھالی روڈ کی مرمت 9 نومبر تک مکمل کرنے کا ٹارگٹ، شہر کی سب سے مصروف بین الاضلاعی سڑک پر روزانہ ہزاروں مسافر سفر کرتے ہیں جنہیں فوری ریلیف فراہم کرنا ضروری ہے۔ یہ بات کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں کہی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر اور ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس ڈاکٹر سیف اللہ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہائی سٹریٹ پر جاری کارپٹنگ کا کام بھی 2 دنوں میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ساہیوال بائی پاس پر جاری کام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔