مسلم لیگ (ن) آج بھی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے: حمزہ شہباز

لاہور (اپنے رپورٹر سے) مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آج بھی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے طور پر میدان میں ہے اور اس سے وابستہ لوگوں کی محبتیں ہماری پارٹی کا سرمایہ حیات ہیںمسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے سرگودھا کے سابق ایم این اے ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی اور دیگر سے ملاقات میں کہا کہ سرگودھا مسلم لیگ (ن) کا قلعہ ہے جہاں کے لوگوں نے ہمیشہ میاں برادران سے اظہار محبت کرتے ہوئے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروایا اور اب بھی وہ اسی محبت کا ثبوت دیتے ہوئے آیندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت جو پاکستان کی معاشی صورتحال ہے اس کو درست کرنے کیلئے مسلم لیگ (ن) کے قائدین اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائینگے اور پاکستان کے وزیراعظم ایک بار پھر میاں نواز شریف ہونگے جن کی قیادت میں ملک وہیں سے روشن مستقبل کا آغاز کریگا جہاں سے اس ترقی کے سفر کو روکا گیا تھا۔حمزہ شہباز شریف نے سرگودھا کے حلقہ این اے85اور حلقہ پی پی 77 کے لئے ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی اور ڈاکٹر نجف علی بھٹی کی کاوشیں کو سراہا اور کہا کہ وہاں کے عوام ایک بار مسلم لیگی (ن) کے امیدواروں کو کامیاب کروائیں گے اس موقع پر سابق ایم این اے ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی نے کہا کہ سرگودھا مسلم لیگ (ن) کا گڑھ تھا، ہے اور رہیگا میاں نواز شریف کے متوالوں کے اس شہر سے 5قومی اور 10صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ن لیگ کے امیدوار ہی کامیاب ہوں گے۔