لاہور (اپنے رپورٹر سے) گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے یہاں گورنر ہاﺅس لاہور میں ڈائریکٹر نیشنل کرسچن نیشنل ایوارڈ نتھانیل گل کے زیراہتمام تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ گورنر پنجاب نے سینیٹر کامران مائیکل سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد میں بہترین کارکردگی دکھانے پر ایوارڈز تقسیم کیے۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ملک کی ترقی اور استحکام کیلئے ہمارے مسیحی بھائیوں کی قربانیاں اور خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے جہاں مسلمانوں نے بہت سی قربانیاں دیں وہیں مسیحی برادری نے بھی اپناتن، من، دھن قربان کرنے سے دریغ نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد مسیحی برادری نے تعلیم،صحت، قانون سمیت دیگر شعبوں میں گرانقدر خدمات سرانجام دیں ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ آج پاکستان میں اقلیتیں جس قدر آزادی اور سکون سے زندگی گزاررہی ہیں یہ اس خطے میں بسے والوں کیلئے ایک روشن اور تابناک مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں باہمی رواداری اور محبت و چاہت کے رشتوں کو زیادہ سے زیادہ مضبوط اور مستحکم کرنے کی ضرورت ہے اور اسی میں انسانیت کی بقا کا راز مضمر ہے۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ گورنر ہاﺅس کے دروازے اقلیتی برادری کیلئے ہمیشہ کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں اب تک ایس پی سنگھا ایوارڈز سمیت اقلیتوں کی کئی تقریبات منعقد ہو چکی ہیں۔اس موقع پر گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے افراد میں ایوارڈز تقسیم کئے۔ ایوارڈز حاصل کرنیوالوں میں سینیٹر کامران مائیکل (سیاست)پاسٹر جان اے ڈی(مذہب)ڈاکٹر سائمن الفریڈ(صحت)جیسبر عاشق (میڈیا) ڈاکٹر نیر فردوس(تعلیم)اے ڈی چوہدری(وکالت)شوکت مسیح(اسسٹنٹ کمشنر)زکریاہ یوسف(پولیس)مسز نازش اختر(گورنمنٹ سروس) اورعمون عمانویل(گورنمنٹ سروس)شامل تھے۔
ملکی ترقی و استحکام کیلئے مسیحی بھائیوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں :گورنر پنجاب

















