انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے،الیکشن کمیشن،مکمل تعاون کرینگے،پنجاب حکومت

لاہور (اپنے نمائندے سے،خبر نگار) نگران پنجاب حکومت اور الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کا پرامن،آزادانہ اور منصفانہ انعقاد یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کردیا، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ وزیراعلیٰ آفس پہنچے ،محسن نقوی نے خیرمقدم کیا۔

وزیراعلیٰ اور چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا ،الیکشن کمیشن کے چاروں صوبوں کے ممبرز اور پنجاب کابینہ نے شرکت کی ،عام انتخابات کےلئے تیاریوں کا تفصیلی جائزہ ،سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا عام انتخابات کا وقت قریب ہے،سب نے مل کر منصفانہ اور شفاف الیکشن کو یقینی بنانا ہے،عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے،نگران پنجاب حکومت کو فری اینڈ فیئر الیکشن کےلئے مکمل سپورٹ کریں گے،30نومبر تک حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا،الیکشن کمیشن شفاف،آزادانہ اور منصفانہ عام انتخابات کرانے کےلئے تیار ہے۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب حکومت کے اب تک کے اقدامات سے مکمل طور پر مطمئن ہیں،محسن نقوی نے کہا الیکشن کمیشن کےساتھ عام انتخابات کے پرامن و شفاف انعقاد کےلئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا،فول پروف انتظامات کئے جائیں گے،پنجاب ٹیم عام انتخابات کے منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کےلئے الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنز پر من وعن عمل کرے گی،قومی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائیں گے۔