مسلم لیگ (ن) نے مشکل حالات میں ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا:خرم دستگیر

گوجرانوالہ(توصیف احمد)سابق وفاقی وزیر و سینئر رہنما مسلم لیگ (ن) انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ مشکل ترین حالات میں مسلم لیگ (ن) نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔قائد عوام میاں نوازشریف کی وطن واپسی سے ملک کا سیاسی ماحول بہتر ہوگیا ہے ۔مسلم لیگ (ن) کے مینار پاکستان جلسے نے مخالفین کی نیندیں حرام کرکے رکھ دی ہیں۔مسلم لیگ (ن) الیکشن میں کسی صورت تاخیر نہیں چاہتی اور اپنے قائد میاں نوازشریف کی قیادت میں ہر وقت الیکشن کیلئے تیار ہے ۔سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات کئے ۔ میاں نوازشریف کی وطن واپسی کے بعد ملکی حالات میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے ۔مسلم لیگ (ن) پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی ضامن عوامی جماعت ہے ۔ملکی خوشحالی اور ترقی کی ایک ایک اینٹ کے اوپر شیر کا نشان ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے انتخابی حلقہ یونین کونسل 9میں سابق یوسی چیئرمین عاطف مسعود بٹ کے ہمراہ نئی تعمیر ہونیوالی گلیوں کی افتتاحی تقریب سے کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سینئر لیگی رہنما ناصر محمود کھوکھر، سابق وائس چیئرمین حاجی زبیر مغل، ملک شازب، سابق نائب ناظم ملک اللہ رکھا،اویس ذوالفقار سوہل، حمزہ اجمل بٹ، قیصر امین بٹ، میاں حبیب اللہ کھوکھر، امجد بھٹی، ملک تنویر، بگامسیح سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔اس موقع پر سابق وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان نے اپنے انتخابی حلقہ کا دورہ کیا اور علاقہ مکینوں کیساتھ ملاقاتیں بھی کیں۔