اسلام آباد (بیورو رپورٹ) نگراں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اور ٹیلی کمیونی کیشن ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ پاکستان کی خلائی ٹیکنالوجی موسمیاتی تبدیلی، وسائل کی نگرانی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور صحت اور تعلیم کے خاتمے کے شعبوں میں متعدد چیلنجوں کا مقابلہ کرنے میں اہم کردار ادا کریگی۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کا خلائی شعبہ قومی معیشت کو سہارا دینے، سرمایہ کاری کیلئے ملک کی کشش بڑھانے اور اس شعبے میں عالمی مہارتوں اور اختراعات کو اجاگر کرنے کیلئے اپنا نمایاں مقام پیدا کریگا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کی مضبوط ترقی اور عالمی سطح پر ڈیجیٹل تبدیلی نے قوموں کیلئے مواقع اور چیلنجز دونوں پیش کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی ایک اچھا رجحان ہے جو معاشی بحالی میں کردار ادا کرتے ہوئے ڈیجیٹل سپیس میں نئے معمول کو برقرار رکھنے میں مدد کریگا۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سائنس اور ٹیکنالوجی کی مضبوط ترقی اور عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کیلئے ڈیجیٹل تبدیلی عالمی سطح پر اقوام کیلئے مواقع اور چیلنجز دونوں پیش کریگی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے ساتھ ساتھ تمام صوبائی دارالحکومتوں میں بھی ٹیکنالوجی زونز قائم کئے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل اکانومی سیکٹر کے منصوبے مالی تعاون کی معیشت، فری لانس اکانومی، ڈیجیٹل مارکیٹس، شیئرنگ اکانومی، ڈیجیٹل کنٹینٹ اکانومی، اور انفارمیشن اینڈ ڈیٹا اکانومی پر توجہ مرکوز کریں گے۔
پاکستان کی خلائی ٹیکنالوجی سماجی و اقتصادی ترقی میں مدد دےگی: ڈاکٹر عمر سیف

















