عالمی طاقتیں بھارت، اسرائیل کو امن خطرے میں ڈالنے سے روکیں:طاہر اشرفی

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی اور پاکستان علماءکونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ کشمیر اور فلسطین جیسے دیرینہ تنازعات کو نظر انداز کرنا دنیا کو انتشار کی طرف لے جا سکتا ہے۔ انہوں نے مسلم ملکوں پر زور دیا ہے کہ وہ ان دیرینہ تنازعات کے حل کیلئے متحد ہو جائیں۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ مسلم ممالک کو سائنسی کامیابیوں، سرمایہ کی تخلیق، سلامتی کے فروغ اور سیاسی استحکام کیلئے ایک دوسرے کیساتھ تعاون کرنا چاہیے کیونکہ اس سے پورے اسلامی خطہ میں خوشحالی آئیگی۔انہوں نے عالمی طاقتوں اور اقوام متحدہ سے کہا کہ وہ مداخلت کریں اور بھارت اور اسرائیل کو انسانیت کو خطرے میں ڈالنے والے اقدامات سے روکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں اور فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے دکھوں پر مزید خاموش نہیں رہیگا۔حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے بارہا اسرائیلی قیادت سے کہا ہے کہ وہ نسل کشی کے مترادف اپنی کارروائیاں فوری طور پر بند کرے۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ دنیا اسرائیلی اور بھارتی جارحیت کو روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔