کشمیریوں پر بھارتی افواج کے انسانیت سوزمظالم قابل قبول نہیں:ڈپٹی کمشنر چنیوٹ

چنیوٹ ( ڈسٹرکٹ رپورٹر)کشمیریوں پر بھارتی افواج کے انسانیت سوز مظالم کسی صورت بھی قابل قبول نہیں، کشمیر کا مسئلہ ایک عالمی مسئلہ ہے جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضانے یوم سیاہ کشمیر کے سلسلے میں کشمیریوں کے حق میں نکالی گئی واک میں کہی، واک ختم نبوت چوک سے قائد اعظم اکیڈمی تک نکالی گئی،اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن مہر آفتاب احمد،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز منور عباس، ڈپٹی ڈی اوز عبدالجلیل، اسحاق تبسم کے علاوہ طلبائ، اساتذہ اورسول سوسائٹی کے افراد موجود تھے۔اس موقع ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا کا کہنا تھا کہ دنیا کا امن بر قرار رکھنے کے لئے عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت پر زور ڈالے کہ وہ کشمیریوں کا جائز حق تسلیم کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر سے اپنی فوجیں نکالے تا کہ کشمیری اپنی مرضی سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ اور بربریت کو 76 سال ہوگئے ہیں،ہر سال مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج حقِ خود ارادیت کا مطالبہ کرنے والے پ±رامن مظاہروں کو کچلنے کے لیے خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں کشمیریوں کو شہید کر دیتی ہے،نہتے نوجوانوں کو دہشت گردقرار دے کر انہیں شہید کر دیا جاتاہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ کی طرح کشمیریوں کی اخلاقی‘ سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے جو اس کا بنیادی فرض بھی ہے، آج کے دن کا مقصد دنیا کو پیغام دینا ہے کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے، بعد ازاں قائد اعظم ایجوکیشنل اکیڈمی فار ڈویلپمنٹ میں سیمینار کا بھی انعقاد کیا گیاجسکی صدارت کے فرائض ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے انجام دیے۔