حافظ آباد (قمر عباس )ڈپٹی کمشنر حافظ آباد سند س ارشاد نے عوا م کی سیرو تفریح کےلئے دستیاب سہولیات کے جائزہ کےلئے فیملی پارک، ایم سی ڈسپوزل ورکس اور سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی امتیاز علی بیگ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اشفا ق رسول،سی او ایم سی انصرساہی بھی ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے علی الصبح فیملی پارک کادورہ کر تے ہوئے وہاں عوام کی سیروتفریح کےلئے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا، اس موقع پر انہوں نے ایم سی افسران کو پارک کی صفائی ستھرائی اور دیگر ضروری مرمت کے کام فوری طو رپر کرانے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا مردو خواتین اور بالخصوص بچوں کی صحت مند سرگرمیوں کے فروغ اور سیرو تفریح کی سہولیات کی فراہمی کےلئے پارکوں کی تزئین و آرائش اور وہاں دستیاب سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے کولوروڈ پر میونسپل کمیٹی کے واٹر ڈسپوزل ورکس کا بھی دورہ کیا اور وہاں شہر کے تمام نکاسی آب کے نظام کا جائزہ لیا، اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر ایم سی امتیا زعلی بیگ نے انہیں نکاسی آب اور ڈسپوزل ورکس کے حوالے سے بریفنگ دی،قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کر تے ہوئے وہاں آلو، پیاز، ٹماٹر سمیت دیگر سبزیوں اور پھلوں کی نیلامی کے عمل انکی قیمتوں،کوالٹی اور منڈیوں میں انکی روزانہ کی ہونے والے سپلائی کا بھی جائزہ لیا،اس موقع پر انہوں نے مارکیٹ کمیٹی کے افسران اور سٹاف کو ہدایت کی کہ اس بات پر خاص طور پر نظر رکھی جائے کہ کوئی بھی آڑھتی ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی کے ذریعے چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ نہ کر سکے۔تمام آڑھتی، تاجر و دوکاندار، مارکیٹ کمیٹی کے مقررہ کردہ نرخوں کے مطابق ہی سبزیاں فروٹ اور دیگر اشیائے ضروریہ فروخت کرنے کے پابند ہیں۔
پارکوں کی تزئین و آرائش ترجیح،مزید سہولیات فراہم کرینگے: سند س ارشاد
















