معیشت بہتر،کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ کم،مہنگائی میں کمی آئے گی، سٹیٹ بینک

کراچی(بیورورپورٹ)سٹیٹ بینک نے رواں مالی سال مہنگائی میں کمی کی نوید سنادی،سٹیٹ بینک نے ملکی معاشی کارکردگی کی سالانہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہاروس یوکرین تنازع سے مالی سال کی دوسری ششماہی میں ہی معیشت کو چیلنجز کا سامنا رہا،سیلاب سے معاشی سرگرمیاں متاثر ہوئیں، مالیاتی عدم توازن وسیع ہوا اور اوسط مہنگائی کئی دہائیوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

رپورٹ میں کہاگیاکرنٹ اکاو¿نٹ خسارہ خاطر خواہ کم ہوا لیکن بیرونی رقوم کی آمد میں کمی سے سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر میں کمی آئی،مالی سال 23-2022 کے آخر میں معیشت میں بہتری کے آثار نمودار ہونا شروع ہوئے، آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالر ملنے سے بیرونی شعبے کے خطرات کم کرنے میں مدد ملی۔

سٹیٹ بینک نے کہاپبلک سیکٹر انٹرپرائزز کی کارکردگی مالیاتی وسائل پر بوجھ ہے، ترقیاتی اخراجات کےلئے گنجائش سکڑ گئی ، درآمدات پر انحصار کم کرنے اور قیمتوں میں استحکام کےلئے زرعی شعبے میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔

رپورٹ میں لگائے گئے تخمینوں کے مطابق کپاس ،چاول کی پیداوار میں متوقع بحالی سے مالی سال 2024 کے دوران زرعی نمو میں مدد ملے گی،حقیقی جی ڈی پی کی شرح نمو 2 سے 3 فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے جبکہ اہم فصلوں کی پیداوار میں اضافے سے مہنگائی کم ہوکر 20 سے 22 فیصد کے درمیان رہنے کا تخمینہ ہے، مرکزی بینک نے کہا توقع ہے کرنٹ اکاونٹ خسارہ جی ڈی پی کے 0.5 سے 1.5 فیصد کے درمیان رہے گا،درآمدات 52 اور برآمدات 29 ارب ڈالر رہنے کی توقع ہے جبکہ مالی خسارہ جی ڈی پی کے 7 سے 8 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے،اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم 26 ارب ڈالر رہے گا۔