کراچی (مشرق نیوز) بحیرہ عرب کے جنوب مغرب میں انتہائی شدید سمندری طوفان ”تیج“ موجود ہے۔ سائیکلون وارننگ سینٹر کے مطابق گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران طوفان شمال مغرب کی جانب بڑھا ہے، طوفان ”تیج“ عمان کے شہر سلالہ کے جنوب مغرب سے 300 کلو میٹر دور ہے۔
سائیکلون وارننگ سینٹر کے مطابق طوفان ’تیج‘ یمن کے شہر الغیضہ کے جنوب مشرق سے 220 کلو میٹر دور ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق انتہائی شدید سمندری طوفان گوادر کے جنوب مغرب سے 1520 کلومیٹر دور ہے جبکہ طوفان کی سطح پر ہوائیں 150 سے 160 کلو میٹر فی گھنٹہ سے چل رہی ہیں۔
طوفان کے اطراف جھکڑ 180 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار کو چھو رہے ہیں، جبکہ طوفانی سسٹم کے اطراف میں 35 فٹ تک لہریں بلند ہو رہی ہیں۔ سائیکلون وارننگ سینٹر کے مطابق پاکستان کے ساحلی علاقوں کو سمندری طوفان سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔
پاکستان کو سمندری طوفان ”تیج“ سے کوئی خطرہ نہیں: سائیکلون وارننگ سینٹر
















