سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ، فوجی عدالتوں میں سویلین کا ٹرائل کالعدم دےدیا

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ، فوجی عدالتوں میں سویلین کا ٹرائل کالعدم، 9 مئی کے تمام ملزموں کا ٹرائل عام عدالتوں میں کرنے کا حکم دےدیا۔ عدالت عظمیٰ نے فیصلہ 1-4 کے تناسب سے سنایا، فیصلے میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کیخلاف درخواستیں منظورکرلی گئیں۔ فیصلہ جسٹس اعجاز الاحسن نے پڑھ کر سنایا۔

عدالت نے فیصلے میں ملٹری ایکٹ کی سیکشن ٹو ون ڈی کی دونوں ذیلی شقوں کو غیرآئینی قرار دیتے ہوئے 9 مئی کے تمام ملزموں کا ٹرائل عام عدالتوں میں کرنے کا حکم جاری کردیا۔ سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ملزموں کے جرم کی نوعیت کے اعتبار سے مقدمات عام عدالتوں میں چلائے جائیں۔ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی شق 59(4) بھی غیرآئینی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے قرار دیا اگر کسی شہری کا فوجی عدالت میں ٹرائل شروع ہوگیا ہے تو وہ بھی کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے اکثریتی فیصلے سے اختلاف کیا۔


قبل ازیں جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ نے کیس پر سماعت کی۔ جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس مظاہر نقوی اور جسٹس عائشہ ملک بنچ میں شامل تھے۔ سماعت کے آغاز پر جواد ایس خواجہ کے وکیل احمد حسین پیش ہوئے اورکہا گزشتہ سماعت کا حکمنامہ پڑھنا چاہوں گا۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا آخری سماعت میں اٹارنی جنرل روسٹرم پر تھے اسلئے پہلے اٹارنی جنرل کو دلائل مکمل کرنے دیں، وکیل سابق چیف جسٹس جواد خواجہ نے کہا 3اگست کا حکم نامہ عدالت کے سامنے پڑھنا چاہتا ہوں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا ہم نے آرڈر پڑھا ہے، جسٹس اعجاز الاحسن نے اٹارنی جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا اٹارنی جنرل صاحب آپ حتمی دلائل دیں پھر دیکھتے ہیں، عدالتی کارروائی کو آگے کیسے چلانا ہے۔ وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا عدالت میں یقین دہانی کرانے کے باوجود فوجی عدالتوں نے سویلین کا ٹرائل شروع کردیا۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا معلوم ہے، پہلے اٹارنی جنرل کو سن لیتے ہیں، اٹارنی جنرل نے دلائل میں کہا گزشتہ سماعت کا خلاصہ دوں گا اور بتاو¿ں گا موجودہ ٹرائل کےلئے کیوں آئینی ترمیم ضروری نہیں تھی، میں آرٹیکل 175 پر بھی بات کروں گا، 21 ویں آئینی ترمیم کے فیصلے کی روشنی میں بھی دلائل دوں گا اور اس سوال کا جواب بھی دوں گا کیا ملزم کا سٹیٹس فرد جرم کے بعد ملتا ہے،اٹارنی جنرل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی 9 مئی کے ملزموں کا ملٹری عدالتوں میں ٹرائل سول عدالتوں کی طرز پر ہی کیا جائیگا، شہادتیں ریکارڈ کی جائیں گی اور فیصلے میں تفصیلی وجوہات لکھی جائیں گی۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا 2015 والے ملزموں کا سٹیٹس کیا تھا، کیا 2015 کے ملزم ہمارے شہری تھے یا کالعدم تنظیموں کے ممبران تھے۔

اٹارنی جنرل نے کہا ملزموں میں دونوں تھے،ٹو ون ڈی کے تحت ٹرائل کیا جائیگا، سوال پوچھا گیا تھا ملزموں پر چارج کیسے فریم ہوگا، آرمی ایکٹ کے تحت ٹرائل میں فوجداری مقدمے کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے اور 9 مئی کے ملزموں کا ٹرائل فوجداری عدالت کی طرز پر ہوگا، فیصلے میں وجوہات دی جائےں گی شہادتیں ریکارڈ ہوں گی، اٹارنی جنرل عثمان منصور نے کہا آئین کے آرٹیکل 10 اے کے تمام تقاضے پورے ہوں گے، ہائیکورٹ پھر سپریم کورٹ میں بھی اپیلیں آئیں گی، دلائل کے دوران عدالتی سوالات کے جوابات بھی دوں گا، دلائل میں مختلف عدالتی فیصلوں کے مندرجات کا حوالہ بھی دوں گا، ممنوعہ علاقوں و عمارات پر حملہ بھی ملٹری عدالتوں میں جا سکتا ہے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا دہشت گردوں کا ٹرائل کرنے کےلئے آئینی ترمیم ضروری تھی عام شہریوں کیلئے نہیں؟ میں آپ کے دلائل کو سمجھنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ اٹارنی جنرل نے کہا آرمڈ فورسز سے ملزموں کا ڈائریکٹ تعلق ہو تو کسی ترمیم کی ضرورت نہیں۔ جسٹس عائشہ ملک نے کہا آرمی ایکٹ آرمڈ فورسز کے اندر ڈسپلن کی بات کرتا ہے، جسٹس مظاہر علی نقوی نے کہا آپ آرمی ایکٹ کا دیباچہ پڑھیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دئیے قانون پڑھیں تو واضح ہوتا ہے یہ تو فورسز کے اندر کےلئے ہوتا ہے آپ سویلین سے تعلق کیسے دکھائیں گے،اٹارنی جنرل نے کہا آرمی ایکٹ افسروں کو اپنے فرائض سرانجام دینے کا بھی کہتا ہے، کسی کو اپنی ڈیوٹی ادا کرنے سے روکنا بھی قانون میں جرم بن جاتا ہے،جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس میں کہا لیکن قانون مسلح کے اندر موجود افراد کی بھی بات کرتا ہے،اٹارنی جنرل نے کہا بات فورسز میں ڈسپلن کی حد تک ہو تو قانون صرف مسلح افواج کے اندر کی بات کرتا ہے لیکن جب ڈیوٹی سے روکا جائے تو پھر دیگر افراد بھی اسی قانون میں آتے ہیں۔

جسٹس عائشہ ملک نے استفسار کیا آپ کی تشریح جان لی جائے توکسی پر بھی قانون لاگو کر دیں گے؟ ایسی صورت میں بنیادی حقوق کا کیا ہوگا،اٹارنی جنرل نے کہا آرمی ایکٹ وقتی طور پر آرمڈ فورسز کے ساتھ کام کرنے والوں کی بھی بات کرتا ہے۔


جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا معاملہ صرف سروس سے متعلق ہے، اٹارنی جنرل نے کہا آئین اس بات کو تسلیم کرتا ہے آرمڈ فورسز ممبران کو ڈیوٹی سے روکنے والے عام شہری بھی ہوسکتے ہیں،جسٹس عائشہ ملک نے کہا آئین کہتا ہے بنیادی حقوق کے خلاف کوئی قانون نہیں بنے گا، آئین و قانون فرائض کی ادائیگی کی پابند آرمڈ فورسز کو کرتا ہے، قانون کہتا ہے آپ فرائض ادا نہ کر سکیں تو آئین کے بنیادی حقوق کا حصول آپ پر نہیں لگے گا، آپ بات کو دوسری طرف لےکر جا رہے ہیں، آپ کہہ رہے ہیں جو ڈسٹرب کرے ان کے لیے قانون ہے۔

جسٹس عائشہ ملک نے کہا کیا بنیادی حقوق کی فراہمی پارلیمان کی مرضی پر چھوڑی جا سکتی ہے؟ آئین بنیادی حقوق کی فراہمی کو ہرقیمت پر یقینی بناتا ہے، شہریوں پر آرمی کے ڈسپلن و بنیادی حقوق معطلی کے قوانین کیسے لاگو ہو سکتے ہیں؟ عدالت نے دروازہ کھولا تو ٹریفک سگنل توڑنے والا بھی بنیادی حقوق سے محروم ہو جائے گا، کیا آئین کی تشریح کریں جب دل چاہے بنیادی حقوق معطل کر دئیے جائیں؟اٹارنی جنرل کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے کیس کافیصلہ محفوظ کیا اور بعد میں سنایا۔

دریں اثنا ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے فیصلے کےخلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا، پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کے تحت آرٹیکل 184 کی شق 3کے تحت دئیے گئے فیصلے کےخلاف 30دنوں میں اپیل دائر ہوگی، اپیل 14 روز میں سماعت کےلئے مقرر کرنا لازم ہے جبکہ اپیل پہلے سے بڑا بنچ سنے گا۔

دوسری جانب معروف قانون دان اعتزاز احسن اور سلمان اکرم راجہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا فیصلہ جمہوریت اور پورے نظام کو مستحکم کرے گا، سپریم کورٹ نے ثابت کر دیا بالادستی صرف قانون کی ہوگی،سپریم کورٹ نے فریقین کو بڑے حوصلے سے سنا، سمجھتے ہیں سپریم کورٹ نے بہترین ججمنٹ دی،دونوں وکلا نے مزید کہاتاریخ میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا، فوج آئین کے ماتحت چلنے کی خواہش رکھتی ہے، عدالت کا اصول ہے جج آزاد ہونا چاہیے، پاکستان میں ماضی کے علاوہ کوئی اور پیشگوئی نہیں کی جاسکتی،فیصلے سے سول سوسائٹی کی مزید رہنمائی ہو گی۔