کراچی (مشرق نیوز) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کے آغاز سے ہی تیزی کا رجحان ہے، 100 انڈیکس 51 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا ہے۔ مئی2017 کے بعد پہلی بار پاکستان سٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس دوبارہ 51 ہزار تک پہنچا۔ یاد رہے 25 مئی 2017 کو 100انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح 53 ہزار 127پر پہنچ گیا تھا۔
آج پونے 11 بجے کے وقت سٹاک ایکسچینج میں 600 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور 100 انڈیکس 51 ہزار 392 کی سطح پر پہنچ گیا۔ اس حوالے سے معاشی تجزیہ کار خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ مئی 2017 کے مقابلے میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن 70 فیصد کم ہے، مارکیٹ کیپٹلائزیشن آج 30 ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے، مئی 2017 میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن 100 ارب ڈالر تھی۔
خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ آج مارکیٹ 100 ارب ڈالر ہو، اس کیلئے انڈیکس کو ایک لاکھ ہونا ہوگا، صرف انڈیکس نہیں مارکیٹ کی ویلیو بھی اہم ہے، سرمایہ کار آنے والے دنوں میں کچھ اچھے کی توقعات لگائے ہوئے ہیں۔
سٹاک ایکسچینج میں تیزی،2017 کے بعد پہلی بار 100 انڈیکس 51 ہزار کی سطح عبور کرگیا


















