پاکستان چین کا سٹریٹجک روابط اور عالمی فورمز پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

بیجنگ (شِنہوا)پاکستان چین نے سٹریٹجک روابط و بین الاقوامی فورمز پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کرلیا،اتفاق رائے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں ہوا،انوارالحق کاکڑ نے چینی صدر شی جن پنگ کو ملاقات کے دوران تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی،نگران وزیراعظم اور چینی صدر نے بین الاقوامی سطح پر ابھرتی صورتحال میں سٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کیا۔

ملاقات میں اتفاق کیا گیا دونوں ممالک کے باہمی مفاد کیلئے اعلیٰ سطح روابط کو مزید مضبوط کیا جائے گا، انوارالحق کاکڑ نے کہا پاکستان ،چین قابل اعتماد شراکت دار اور بہترین دوست ہیں،نگران وزیراعظم نے چین کے کلیدی امور پر پاکستان کے غیر مشروط ساتھ کا اعادہ کرتے ہوئے کہاپاک چین تعلقات خطے میں امن و استحکام کا باعث ہیں۔

صدر شی جن پنگ نے کہا پاکستان چین کا مضبوط بھائی، قابل اعتماد دوست اور امن و ترقی میں شراکت دار ہے،چین پاکستان کو اپنی خارجہ پالیسی میں بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان کی اپنی سالمیت، سرحدوں کے تحفظ اور ترقی کے حصول میں معاونت کرتے رہےں گے۔

نگران وزیراعظم نے کہا پاکستان چین کےساتھ علاقائی روابط ،لوگوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے ملکر کام کرتا رہے گا،صدر شی جن پنگ نے پاکستان کو ابھرتا ہوا علاقائی تجارت کا مرکز بنانے میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

چینی وزیراعظم نے چین ،پاکستان کو آہنی بھائی قرار دیتے ہوئے کہا چین دونوں ممالک کے رہنماوں کے درمیان طے شدہ اہم اتفاق رائے کو مزید عملی جامہ پہنانے، اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور سٹرٹیجک رابطوں کے فروغ کیلئے ملکر کام کرنے کا خواہش مند ہے، چینی وزیراعظم نے امید ظاہر کی پاکستان چینی اہلکاروں ،اداروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کےلئے موثر اقدامات کرے گا،وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا 10 برس میں بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کے خاطر خواہ نتائج ملے، پاکستان دہشتگردی کےخلاف ٹھوس اقدامات کرے گا،چینی اہلکاروں اور اداروں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑےں گے۔

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ دنیا کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کا بہترین ذریعہ ہے، چین پاکستان کا تزویراتی شراکت دار ہے، پاکستان کو چین کی دوستی پر فخر ہے، دنیا کی کوئی طاقت تعلقات میں دراڑ نہیں ڈال سکتی، دوطرفہ سٹریٹجک شراکت داری کو نقصان نہیں پہنچانے دیں گے،صرف زبانی کلامی نہیں اپنے عمل سے بات ثابت کریں گے، چین کےساتھ تعلقات کے معاملے پر پاکستان ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔

چینی صدر شی جن پنگ نے کہا چین پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کا فروغ چاہتا ہے، سی پیک پاکستان ،چین کے مضبوط تعلقات کا عکاس ہے،چینی و پاکستانی وزرائے اعظم کی موجودگی میں دوطرفہ تعاون کی متعدد دستاویزات پر دستخط بھی کیے گئے۔

مختلف چینی کمپنیوں کے سربراہوں سے گفتگو کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے کہا پاکستان پائیدار و جامع ترقی کے ویژن اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل غیرملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کےلئے ون ونڈو پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی، چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں زراعت، قابل تجدید توانائی، ٹیکسٹائل، ڈیجیٹل معیشت اور کان کنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔

چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی ڈیپارٹمنٹ کے وزیر لیو جیان چاو سے ملاقات میں وزیراعظم نے چین ،پاکستانی عوام کے مابین خیر سگالی جذبات کو پاک چین دیرینہ دوستی اورسٹریٹجک شراکت داری کا مرکزی عنصر قرار دیتے ہوئے کہادونوں ممالک کے مابین روابط بڑھانے سے نسل در نسل دوستی کو فروغ ملے گا، سی ای او چائنا کمیونیکیشنز کنسٹرکشن کمپنی وانگ ہائی ہوائی اور چیئرمین چائنا روڈ اینڈ برج کارپوریشن سے ملاقات میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاپاکستان کو ٹرانزیشنل اکانومی بنانے اور ملک میں سیاحت کی ترقی کیلئے ریلوے ،روڈ انفراٹرکچر انتہائی ضروری ہے،شرکا نے پاکستان میں انفراسٹرکچر کی تعمیر، قابل تجدید توانائی و دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔