عوام کو ریلیف کی فراہمی کاآغاز،ٹرانسپورٹ کرایوں میں 20 فیصد تک کمی

لاہور(خبر نگار،کامرس رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تیل قیمتوں میں کمی کے ریلیف کو عوام تک منتقل کرنے کاآغاز ہوگیا، ضلعی انتظامیہ کے موٹر ٹرانسپورٹ فیڈریشن کے عہدےداروں سے مذاکرات کامیاب ہوگئے۔

مذاکرات میں اتفاق کیا گیاموٹر ٹرانسپورٹ فیڈریشن ٹرانسپورٹ کرایوں میں 10 سے 20 فیصد تک کمی کرے گی، پرائیویٹ اڈوں سے چلنے والی ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی 10 فیصد فیصد تک کمی کی جائےگی،انٹر سٹی اے سی، نان اے سی بسوں کے کرایوں میں فوری 15 فیصد کمی ہوگی جبکہ گڈز ٹرانسپورٹرز مال برادری گاڑیوں کے کرایوں میں 10 فیصد تک کمی کریں گے۔

ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہا موٹر ٹرانسپورٹ فیڈریشن نے کرایوں میں فوری کمی پر رضامندی ظاہر کردی، تیل کی قیمتیں گرنے سے اشیائے ضروریہ کی نقل و حمل کے اخراجات میں بھی کمی آئے گی،پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے پر کاروباری افراد دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی لائیں، وزیر اعلیٰ کی ہدایت کے مطابق عوام تک ہر ممکن ریلیف پہنچانے کےلئے کوشاں ہیں۔

دوسری جانب صوبائی وزیر ابراہیم مراد نے کرائے کم نہ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کو کرایہ جات میں کمی کیلئے 24 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دے دی، وزیر ٹرانسپورٹ نے پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں 20 فیصد تک کمی کرنے والے پنجاب کے ٹرانسپورٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا جن ٹرانسپورٹرز نے کرائے کم نہیں کئے وہ 24 گھنٹوں میں کرایوں میں کمی کا اعلان کریں۔

ابراہیم مراد نے قومی و تمام نجی ائیرلائنز سے بھی کرایوں میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ائیر لائنز چونکہ صوبائی ڈومین میں نہیں آتیںمگر کرایہ جات میں کمی لانے کی گزارش کرتا ہوں،گڈز ٹرانسپورٹرز ،کارگو کمپنیاں بھی کرایوں میں کمی یقینی بنائیں گی۔