راولپنڈی (بیورو رپورٹ) کورکمانڈرز کانفرنس نے تمام غیرقانونی تارکین وطن کو یکم نومبر تک ملک بدر کرنے اور واپس بھیجنے کے ریاستی فیصلے کی مکمل حمایت کردی اورمتعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی گئیں۔ فیصلے کو نافذ کرنے میں حکومت کی مدد کرےں، دشمن قوتوں کی ایماءپر پاکستان کوغیرمستحکم کرنےوالے تمام دہشت گردوں، سہولت کاروں اور مدد کر نے والوںسے آہنی ہاتھوں نمٹا جائیگا، پاک فوج ملک بھر میں غیرقانونی معاشی سرگرمیوں کےخلاف سخت قانونی کارروائیاں کرنے میں حکومت، قانون نافذ کرنےوالے اداروں کو ہرممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی، مختلف علاقوں میں ذخیرہ اندوزی، سمگلنگ مافیاز اور کارٹلز کےخلاف کارروائیوں کو آنےوالے دنوں میں مزید تقویت دی جائیگی جبکہ شرکاءنے غزہ میں اسرائیل کی طرف سے طاقت کے استعمال کے باعث معصوم شہریوں کے جانی نقصان پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا فلسطینیوں کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی، اخلاقی و سیاسی حمایت حاصل ہے، مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل، سرزمین اور مسلمانوں کے مقدس مقامات پر غیرقانونی قبضے کے خاتمے کےلئے اپنے بھائیوں کے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نشان امتیاز (ملٹری) کی زیرصدارت جی ایچ کیو میں 260 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ شرکاءنے ربیع الاول کے مقدس مہینے کے دوران مستونگ، ہنگو اور ژوب کے شہدا کے ایصال و ثواب کےلئے فاتحہ خوانی کی، دہشت گردی کی لعنت کےخلاف مادر وطن کے دفاع میں سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنےوالے اداروں کی جانب سے مسلسل دی جانےوالی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین وعقیدت پیش کیا گیا۔ شرکا نے عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کےلئے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنےوالے تمام دہشت گردوں، سہولت کاروں اور حوصلہ افزائی کرنےوالے عناصر کےخلاف ریاست مکمل طاقت کےساتھ نمٹے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورم کو خطے کی صورتحال و قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے خطرات کے جواب میں حکمت عملی پربریفنگ دی گئی، فورم نے ہر قسم کے بالواسطہ و بلاواسطہ خطرات کےخلاف پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کےلئے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف نے کہا فلسطینیوں کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی، اخلاقی و سیاسی حمایت حاصل ہے،مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل، سرزمین اور مسلمانوں کے مقدس مقامات پر غیر قانونی قبضے کے خاتمے کےلئے اپنے بھائیوں کے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔ کانفرنس کے شرکا نے عزم کا اظہار کیا حکومت کی جانب سے معاشی بحالی کےلئے کئے گئے اقدامات کو پاکستانی عوام کی مجموعی فلاح و بہبود کےلئے ہر ممکن معاونت فراہم کی جائیگی، فورم نے غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کےخلاف جاری کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا، آرمی چیف نے زور دیا پاک فوج ملک بھر میں غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں کرنے میں حکومت و قانون نافذ کرنےوالے اداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔ جنرل سید عاصم منیر نے کہامختلف علاقوں میں ذخیرہ اندوزی، سمگلنگ مافیاز اور کارٹلز کےخلاف کارروائیوں کو آنے والے دنوں میں مزید تقویت دی جائیگی تاکہ ملک کو معاشی سرگرمیوں کے منفی اثرات سے نجات دلائی جاسکے، کانفرنس کے شرکا نے تمام غیر قانونی تارکین وطن کو یکم نومبر 2023 تک ملک بد ر کرنے اور وطن واپس بھیجنے کے وفاقی حکومت کے فیصلے کی مکمل حمایت کرنے کا عزم کیا، آرمی چیف نے تمام غیر قانونی تارکین وطن کی باعزت و محفوظ وطن واپسی اور ڈیپورٹیشن کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ سربراہ پاک فوج نے آپریشنز کے دوران پیشہ وارانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے اور فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا۔
فلسطینیوں کو پوری قوم کی حمایت حاصل، بھائیوں کے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے :آرمی چیف

















