توشہ خانہ اور 190 ملین پاونڈ سکینڈل میں بشریٰ بی بی کی ضمانتیں منظور

اسلام آباد (مشرق نیوز) سابق خاتون اوّل بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ اور 190 ملین پاونڈ سکینڈل میں ضمانتیں منظور کر لی گئیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ اپنے وکیل کے ہمراہ توشہ خانہ اور 190 ملین پاونڈ سکینڈل میں اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئیں۔

دوران سماعت وکیل لطیف کھوسہ نے ڈیوٹی جج راجہ جواد عباس سے استفسار کیا کہ کافی عرصہ ہوگیا آپ کو دیکھا نہیں جس پر جج نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اب نارکوٹکس کی عدالت کا انچارج مل گیا ہے۔ وکیل نے عدالت میں موقف پیش کیا کہ جس دن احتساب عدالت نے درخواست ضمانت نپٹائی اسی دن نیب نے نیا نوٹس بھیج دیا، ڈیوٹی جج نے پوچھا بشریٰ بی بی کہاں ہیں؟

ڈیوٹی جج راجہ جوادعباس نے بعدازاں بشریٰ بی بی کو روسٹرم پر بلا لیا جس پر سابق خاتون اول روسٹرم پر آگئیں تاہم اس سے قبل جوڈیشل کمپلیکس کی کسی عدالت میں بشریٰ بی بی روسٹرم پر نہیں آئیں۔ بعدازاں احتساب عدالت اسلام آباد نے بشریٰ بی بی کی 5، 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض توشہ خانہ اور 190 ملین پاونڈ سکینڈل میں 31 اکتوبر تک ضمانتیں منظور کر لیں۔