حماس کی مزاحمت نے مسئلہ فلسطین کو نئی زندگی بخشی، جماعت اسلامی فیصل آباد

فیصل آباد( بیورورپورٹ)حلقہ خواتین جماعت اسلامی کے زیراہتمام یکجہتی فلسطین ریلی نکالی گئی،شہربھرسے خواتین اوربچوں کی کثیرتعدادشریک ہوئی۔

شرکا ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رہنماو¿ں نے کہاکہ حماس کی مزاحمت نے مسئلہ فلسطین کو نئی زندگی بخشی ہے،قبلہ اول کی آزادی کے لیے اہل فلسطین کی حمایت ہم پر فرض بھی ہے اور قرض بھی۔ ریاست فلسطین کو آزاد و خود مختار حیثیت میں بحال کیا جائے۔عالمی برادری منافقانہ روش ترک کر کے اسرائیل کے ظلم و جبر کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کرے۔ انہوں نے کہاکہ امت مسلمہ فلسطینی مجاہدین کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے امت کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے،عالم اسلام فلسطین کی آزادی کا موقع ضائع نہ کرے۔

مظاہرین نے کہا مسئلہ فلسطین کا حقیقی حل صرف آزاد فلسطینی ریاست ہے دو ریاستی فارمولا کسی طور قبول نہیں کیا جا سکتا۔اسرائیل سرے سے کوئی ریاست ہے ہی نہیں بلکہ فلسطین کی زمین پر ایک ناجائز قبضہ ہے۔نہتے فلسطینی عوام پر ہونے والے ظلم اور جبر پر نام نہاد مہذب دنیا نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ اسرائیلی فوج اور یہود اباد کاروں نے بار بار مسجد اقصی کی بے حرمتی کی اور مسلمانوں پر بدترین مظالم ڈھائے،پاکستانی عوام کے دل اہل فلسطین کے ساتھ ہیں۔فلسطین کی تازہ صورتحال نے منافقانہ رویوں کو بے نقاب کیا ہے۔سرائیل کی جانب سے براہ راست غزہ کی سویلین آبادی کو نشانہ بنانے پرمغربی دنیاکی زبانیں گنگ ہو گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ تمام اسلامی ممالک کی طرف سے فلسطین کی موجودہ صورتحال میں اخلاقی و سفارتی حمایت اور امداد کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے،قبلہ اول کی آزادی اور اسرائیل کی ناجائز ریاستی دہشت گری ختم کروائے بغیر پائیدار امن کا قیام محض ایک خواب ہے، حماس کے حملوں نے تمام نام نہاد جمہوری اور اسلامی ملکوں کے چہروں سے نقاب کھینچ دی ہے۔