پشاور (بیورو رپورٹ) وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کسی تنظیم یا جتھے کو ہتھیار اٹھا کر ریاستی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو کسی دشمنی یا ضد سے واپس نہیں بھیج رہے، کام افغانستان کو ناراض یا خوش کرنے کےلئے نہیں، سب سے پہلے پاکستان کا مفاد دیکھیں گے، دنیا کے افغانستان میں موجود رہنے کے باوجود دہشت گرد گروپ کنٹرول نہ ہوسکے، لڑنے والی ملیشیا اب حکومت میں آگئی۔
پشاور میں ایوان صنعت و تجارت کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا افغان مہاجرین کو نہیں نکال رہے، کارروائی صرف غیرقانونی طور پر رہنے والوں کےخلاف ہے، غیرقانونی مقیم باشندوں کی وجہ سے معاشرے میں مختلف مسائل پیدا ہورہے ہیں، 17 لاکھ مہاجرین ملک میں مقیم رہے، صرف غیرقانونی مقیم افراد کو واپس بھیجیں گے، لوگوں کوکسی دشمنی، بدلہ لینے یا افغانستان کو ناراض و خوش کرنے کیلئے واپس نہیں بھیج رہے، اپنے مفاد میں جو نظر آئےگا کریں گے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا دہشت گردی کےخلاف جنگ میں مسلح افواج، پولیس نے لازوال قربانیاں دیں، وفاقی، صوبائی حکومتیں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کےلئے کوشاں ہیں، پاکستان میں 90 ہزار لوگوں نے دہشت گردی کےخلاف جانیں دیں لیکن کچھ لوگ کہتے ہیں میں زیادہ ٹیکس کیوں دوں؟ بعض لوگ چوری و سمگلنگ کو اپنا حق تصور کرتے ہیں، پاکستان بہت بڑا خواب تھا، تعبیر اتنی آسان نہیں۔ مال، جان اور اولاد کی قربانی دینی پڑتی ہے پھر اپنے مستقبل کو محفوظ کیا جاتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کوئی ایک نسل قربانی دیتی ہے اور آئندہ کی نسلوں کو آباد کرجاتی ہے، ایک طرف 90 ہزار لوگ اپنی جانیں دے رہے ہیں دوسری طرف چند لوگ حق سمگلنگ مانگ رہے ہیں، کیا اس طرح معاشرہ چل سکتا ہے۔ تعلیم سے لیکر طرز سیاست و معیشت میں صرف سوالات ہی سوالات ہیں، جوابات مل ہی نہیں رہے، اگر جوابات کی کوشش کی جائے تو مختلف حلقوں کی جانب سے ردعمل آجاتا ہے۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا بروقت حکومتی اقدامات سے امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی آئی، سمگلنگ و ذخیرہ اندوزی کی روک تھام میں فوج کی جانب سے فراہم کی گئی مدد لائق تحسین ہے۔ سمگلنگ، کرپشن کو بالکل برداشت نہیں کیا جائیگا۔
نگران وزیراعظم نے کہا افغانستان سمیت تمام ہمسایوں سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ پٹرول کی نئی قیمتیں جلد آئیں گی، شکر ہے ریلیف کا سفر آہستہ آہستہ شروع ہوگیا ، ڈالرکی قیمت کم ہونے سے 4 ہزارارب کا قرضہ کم ہوچکا، چینی 240 سے 160 روپے کلو تک آگئی، گھی و دیگر قیمتوں کے نرخ بھی نیچے آئے، عوام کو ملنے والے ریلیف کا ذکر کم ہو رہا ہے، تمام رجسٹرڈ جماعتوں کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت ہے، پاکستان کی تمام مقامی زبانیں اپنی ہیں، اردو قومی زبان ہے جس کی وجہ سے تمام قومیں جڑی ہیں۔ پشاور، پشتو ایک دوسرے کےلئے لازم و ملزوم ہیں، پشاور مجھے اپنے گھر کی طرح لگتا ہے، خیبرپختونخوا میں میرے بہت سے پرانے دوست ہیں۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا خیبرپختونخوا نے دہشت گردی کےخلاف جنگ میں بےشمار قربانیاں دیں، نگران حکومت ایمانداری سے کام کررہی ہے، ملکی بہتری کےلئے ذاتی مفادات کو پس پشت ڈالنا ہوگا، صوبے کے مسائل کے حل کےلئے ہرممکن تعاون کرینگے، پولیس کو جدید آلات سے لیس کیا جائے تاکہ دہشت گردی کی عفریت سے بہتر انداز میں نمٹا جاسکے۔ خیبر پختونخوا پولیس، کاو¿نٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کو مضبوط کرنے کےلئے بھرپور اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انوار الحق کاکڑ نے کہاکالعدم ٹی ٹی پی سے بات چیت کا کوئی ارادہ نہیں، وہ میرے بچے مار رہے ہیں، کوئی بات چیت نہیں ہوگی، ریاست پاکستان اتنی تگڑی ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی سے لڑیگی، کوئی خوش فہمی میں نہ رہے، کسی تنظیم یا جتھے کو ہتھیار اٹھا کر ریاستی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
نگران وزیراعظم نے کہا نوازشریف کی واپسی کا نگران حکومت سے تعلق نہیں، نوازشریف عدالتی فیصلے کے تحت ملک سے باہر گئے، نوازشریف کی واپسی پر قوانین پر عمل ہوگا، مختلف سیاسی جماعتوں کی جنوری میں الیکشن پراپنی آرا ہیں، الیکشن کمیشن جو بھی تاریخ دیگا معاونت کریں گے۔
دریں اثنا نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی اور نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان نے ملاقات کی اور امن و امان کی صورتحال سمیت دیگر امور پر بریفنگ دی گئی۔
قبل ازیں انوار الحق کاکڑ نے پشاور میں سابق صدر غلام اسحاق خان اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے شہید کمانڈنٹ صفوت غیورکی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ اس موقع پر فرنٹیئر کانسٹیبلری کے دستے نے شہید صفوت غیور کو سلامی پیش کی۔ وزیراعظم نے شہید صفوت غیور کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ملک و قوم کےلئے خدمات کو سراہا، انوار الحق کاکڑ نے کہا شہید صفوت غیور نے عظیم مقصد کےلئے جان کا نذرانہ پیش کیا، ملک کی حفاظت کےلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے مقروض ہیں۔
پاک، بھارت میچز میں کھلاڑیوں کا نامناسب رویہ، ہربھجن سنگھ کا آئی سی سی اور بورڈز سے مداخلت کا مطالبہ
بھارتی اداکارہ شردھا کپور 8 کلو وزنی گھنگھرو پہن کر ڈانس کرنے سے زخمی
بلاول کا مولانا فضل الرحمن سے رابطہ، رہائشگاہ کے پولیس محاصرے پر اظہار یکجہتی
چینی اور پاکستانی خلابازوں کی مشترکہ مہم دیرینہ اور گہری دوستی کی نمایاں مثال ہے: صدر شی جن پنگ
عسکری قیادت کی پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کی تاریخی کامیابی پر قوم کو مبارکباد
ٹرمپ انتظامیہ کا جنگ ختم کرنے کیلئے سخت گیر ایرانی رہنماوں کو قتل کرنے پر غور
وزیراعظم شہباز شریف کی این سی سی آئی اے کی تنظیم نو کا عمل تیز کرنیکی ہدایت
لیبیا کشتی حادثہ: 35افراد جاں بحق، وزیراعظم کے مشیر ایم این اے مبارک زیب کے چچازاد بھائی بھی شامل
پاک چین دوستی کہکشاوں تک جاپہنچی، پاکستانی خلا باز ذیشان علی خلا میں پہنچ گئے
20 افسران کا امریکی تربیتی دورہ مکمل، پروبیشن، پیرول ، پریزن نظام میں اصلاحات کیلئے اہم پیشرفت


















