سموگ کے خاتمے کامشن،2ماہ تک کورونا طرز کالاک ڈاﺅن،ہر بدھ کو لاہور بند

لاہور (خبر گار)پنجاب حکومت کا سموگ کے تدارک کیلئے بڑا اقدام،2ماہ تک ہر بدھ کو کورونا طرز کے لاک ڈاﺅن کا فیصلہ کر لیا ، آئندہ ہفتے سے ہر بدھ کو مارکیٹس ، سکولز ، سرکاری و نجی ادارے بند رہیں گے اور ورک فرام ہوم ہو گا۔

کمشنر لاہور علی رندھاوا کی زیر صدارت تدارک سموگ پرخصوصی اجلاس ہوا ،سی سی پی او لاہور ،شہر کی بڑی مارکیٹس کے تاجر رہنماﺅں نے شرکت کی، اجلاس میں قائم مقام ڈی سی لاہور عدنان رشید ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان رانجھا،اسسٹنٹ کمشنرز بھی شریک ہوئے،سموگ کے تدارک کےلئے تاجروں نے کمشنر لاہور ڈویژن ،سی سی پی او کی تجویز مان لی۔

اس موقع پر کمشنر لاہور علی رندھاوا نے کہا وزیراعلیٰ محسن نقوی کے حکم پر 2ماہ تک ہر بدھ لاہور بند رہے گا، سکولز، مارکیٹس، سرکاری و نجی ادارے بند رہیں گے اور ورک فرام ہوم ہو گا، سموگ کے لحاظ سے اکتوبر و نومبر بہت اہم مہینے ہیں۔

کمشنر نے کہاشہر کے اندر ٹریفک زیرو ہو گی، سکول انتظامیہ ورک فرام ہوم کرے گی، شہر کو بریتھنگ سپیس دینی ہے، بنکس،نجی ادارے، مارکیٹس، کلب اور ہوٹلز بھی بند ہوں گے،سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا منگل ،بدھ اور جمعرات کو سموگ کا انڈیکس زیادہ ہوتا ہے تاجر اگر چاہیں تو اتوار کو دکانیں کھول سکتے ہیں۔