فروری تک نئے منصوبوں پر کام روکدیا،لوگ دفاتر سائیکل پر جائیں،لاہور ہائیکورٹ

لاہور ( کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے فروری تک شہر میں نئے ترقیاتی منصوبوں پر کام روکدیا،جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دئیے لوگ دفاتر موٹر سائیکل یا گاڑی پر جانے کی بجائے سائیکل پر جائیں۔

جسٹس شاہد کریم نے ماحولیاتی آلودگی و تدارک سموگ درخواستوں پر سماعت کی،جوڈیشل واٹر اینڈ انوائرمینٹل کمیشن نے تجویز دی سموگ کے سیزن کے دوران کوئی تعمیراتی پراجیکٹ شروع نہیں ہونا چاہیے، عدالت نے ریمارکس دئیے بالکل ٹھیک تجویز ہے ایسا ہی ہونا چاہیے،عدالت نے وکیل پنجاب حکومت سے استفسار کیا ایک ماہ میں کتنے پراجیکٹس شروع کیے گئے ، پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا شہر میں 5منصوبوں پر کام جاری ہے، شاہدرہ میں جاری پراجیکٹ بھی جلد مکمل ہو جائےگا۔

وکیل واٹر کمیشن نے کہا شاہدرہ، بابو صابو سمیت تمام پراجیکٹس کی تکمیل کےلئے 3سال کا وقت دیا گیا،سرکاری وکیل نے کہااکبر چوک 20،والٹن روڈ والا پل 30اکتوبر تک مکمل ہو جائےگا،سرکاری وکیل کی بات سن کر جسٹس شاہد کریم نے کہا رنگ روڈ ایکسٹینشن کو فروری سے پہلے شروع نہ کریں، نیازی انٹرچینج روڈ کو موسم سرما کے بعد شروع کریں،سرکاری وکیل نے کہانیازی شہید تا بابو صابو پراجیکٹ رنگ روڈ کے ساتھ جڑنا ہے،عدالت نے سوال پوچھا کیا آپ نے منصوبے کےلئے ماحولیاتی سروے مکمل کرایا؟جو پراجیکٹ چل رہا ہے وہ ٹھیک ہے، ایئر کوالٹی پر پراجیکٹس کتنا اثر کرےگا یہ بھی بتایا جائے، آئندہ سماعت پر جو ڈیٹا جمع ہوا اس کی روشنی میں عدالت کو آگاہ کریں۔

عدالت نے نیازی انٹرچینج والے منصوبے میں پرائیویٹ کنسلٹنٹ کو شامل کرنے کی تجویز بھی دی،پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا سڑکوں کی الائنمنٹ کےلئے بھی کام کر رہے ہیں ،جسٹس شاہد کریم نے کہا جیل روڈ سمیت دیگر سڑکوں کے ایشوز ہیں، جگہ جگہ سڑکوں پر یو ٹرن نہیں ہونے چاہئیں، یوٹرن فاصلے پر رکھیں،پانی کو بچانے کےلئے کام کرنا ہو گا، 10مرلے کے گھروں کی تعمیر میں بھی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لازمی ہونا چاہیے،عدالت نے سموگ کے تدراک کےلئے تجویز پیش کی اکتوبر سے مارچ تک سائیکلنگ کی پروموشن کر سکتے ہیں، لندن میں سائیکل کرائے پر دینے کا کام شروع کیا گیا تھا ایسا پلان مصروف علاقے سے شروع کیا جا سکتا ہے،سردیوں کے 4ماہ آپ سائیکل کرائے پر دے سکتے ہیں یا ابتدا میں تو سہولت مفت بھی دی جاسکتی ہے، برطانیہ میں تو جج بھی سائیکل استعمال کرتے ہیں،عدالت نے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے کہا لوگ دفاتر موٹر سائیکل یا گاڑی پر جانے کی بجائے سائیکل پر جائیں۔