اسلام آباد(بیورورپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے ہیںلاپتہ افراد کے کیسز دنیا میں پاکستان کے نام پر سیاہ دھبہ لگا رہے ہیں اگر آپ کے شہری غیر محفوظ ہوں گے تو کوئی ملک ڈالر نہیں دےگا،وزیراعظم نے بھی پیش ہو کر عدالت کو گمراہ کیا، اگلے وزیراعظم آئیں گے تو ترجیحات کچھ اور ہوں گی۔
چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل بنچ نے صحافی مدثر نارو و دیگر لاپتہ افراد کی بازیابی درخواستوں پر سماعت کی،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا اٹارنی جنرل دستیاب نہیں، آئندہ سماعت پر دلائل دیں گے،عدالتی معاون فیصل صدیقی نے کہا انٹیلی جنس ایجنسیاں عدالت کے سامنے کہتی ہیں ہم نے نہیں اٹھایا، ہر کوئی جانتا ہے انٹیلی جنس ایجنسیاں لوگوں کو لاپتہ کرتی ہیں، عدالتوں کو شہریوں کو لاپتہ کرنے کا عمل کسی طور برداشت نہیں کرنا چاہیے۔
عدالت نے کہا بار بار ڈائریکشنز جاری کرتے ہیں لیکن کوئی عملدرآمد نہیں ہو رہا، لوگ لاپتہ ہو جاتے ہیں لیکن ریاست کچھ بھی نہیں کرتی، ریاست طاقتور ہے لیکن لاپتہ افراد کے کیسز میں کہتی ہے کچھ نہیں کرسکتے، چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا 5سال سے اپیلیں زیر التوا ہیںایسے بیٹھتے بھی شرمندگی ہوتی ہے، لوگوں کا لاپتہ ہونا ملکی بدنامی کا باعث بنتا ہے۔
جسٹس میاں گل حسن نے کہا لاپتہ افراد کے کیسز دنیا میں پاکستان کے نام پر سیاہ دھبہ لگا رہے ہیں،کوئی ملک آپ کو ڈالر نہیں دےگا اگر آپ کے شہری محفوظ نہیں ہوں گے، وزیراعظم نے بھی پیش ہو کر عدالت کو گمراہ کیا، اگلے وزیراعظم آئیں گے توترجیحات کچھ اور ہوں گی،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا معاملے پر کمیٹی تشکیل دی گئی ، سنجیدہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کمیٹی بنی تو پھرکیا ہوا سب کو پتہ ہے، عملی کام کریں،جسٹس میاں گل حسن نے کہا اٹارنی جنرل وزیر اعظم سے ملیں اورپیشرفت رپورٹ لے کرآئیں، اٹارنی جنرل آئندہ سماعت پر عدالت کی معاونت کریں،ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت 2ہفتوں کےلئے ملتوی کر دی ،دوسری جانب سپریم کورٹ میں لاپتہ افراد کے مقدمات کی جلد سماعت کےلئے درخواست دائر کر دی گئی،آمنہ جنجوعہ کی جانب سے دائردرخواست میں موقف اختیار کیا گیا لاپتہ افراد کیس کی سماعت کئی سال سے مقرر نہیں ہو سکی،انصاف کے تقاضوں کے پیش نظر مقدمہ آئندہ ہفتے سماعت کےلئے مقرر کیا جائے۔
لاپتہ افراد کے کیسز پاکستان پر سیاہ دھبہ ہیں ،اسلام آباد ہائیکورٹ
















