گھر میں گاڑی دھونے اور غلط پارکنگ پر 5 ہزار تک جرمانہ کیاجائے،لاہور ہائیکورٹ

لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے گھر میں گاڑی دھونے اور غلط پارکنگ پر 5 ہزار تک جرمانہ کرنے کاحکم دےدیا،سموگ تدارک درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے لاہور شہر میں ترقیاتی منصوبے شروع کرنے پر ایل ڈی اے وکیل پر اظہار ناراضی کرتے ہوئے کہا سموگ کا سیزن شروع ہوچکا ،6ماہ پہلے تیاری کرنی پڑتی ہے،نگران حکومت کو ترقیاتی منصوبے شروع کرنے میں پتہ نہیں اتنی کیا جلدی ہے، حکومت کا کیا مسئلہ ہے سمجھ سے باہر ہے جو کام کرنےوالے ہیں وہ ہو نہیں رہے اور اتنے پراجیکٹ کےلئے اربوں روپے پتہ نہیں کہاں سے آرہے ہیں،کیا 4 ماہ منصوبے روک نہیں سکتے تھے؟۔

جسٹس شاہد کریم نے شہر میں گاڑی غلط پارک کرنے والوں کو 5000اور گھروں میں گاڑیاں دھونے والوں کو 3000جرمانہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے جرمانہ واسا کے خزانے میں جائے گا،ملک میں پانی کا مسئلہ انتہائی سنجیدہ ہوتا جارہا ہے، ایل ڈی اے ہاوسنگ سوسائٹیز کے رجسٹرار کو احکامات سے آگاہ کرے۔