اسلام آباد(بیورورپورٹ)صدر مملکت نے وائس ایڈمرل نوید اشرف ہلال امتیاز(ملٹری)تمغہ بسالت کی پاک بحریہ کے نئے سربراہ کے طور پر تعیناتی اور ایڈمرل کے عہدے پر ترقی کی منظوری دےدی۔
وائس ایڈمرل نوید اشرف7اکتوبر کو پاک بحریہ کی کمان سنبھالنے پر ایڈمرل کے عہدے پر فائز ہو جائیں گے، اسلام آباد میں منعقد ہونےوالی تبدیلی کمان کی تقریب میں ایڈمرل امجد نیازی پاک بحریہ کی کمان وائس ایڈمرل نوید اشرف کے حوالے کریں گے،وائس ایڈمرل نوید اشرف نے 1989میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔
جرمنی و پاکستان میں ابتدائی بحری تربیت کی کامیاب تکمیل پر قائداعظم گولڈ میڈل سے نوازا گیا،شاندار نیول کیریئر کے دوران فلیگ افسرنے متعدد کمانڈ اینڈ سٹاف تقرریوں پر خدمات انجام دیں،10سالہ کمانڈ تقرریوں میں گن بوٹ کی کمانڈ، ایک مائن ہنٹر، 3ڈسٹرائرز ،25ویں اور 18ویں ڈسٹرائر سکواڈرنز کی کمانڈشامل ہیں،وائس ایڈمرل نوید اشرف کو پاکستان نیول اکیڈمی اور پاکستان نیوی فلیٹ کی کمانڈ کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
اہم سٹاف تقرریوں میں فلیٹ ہیڈ کوارٹر میں فلیٹ آپریشنز افسر، ہیڈکوارٹر فلیگ افسر ،سی ٹریننگ میں کیپٹن ٹریننگ، ہیڈکوارٹر NAVCENT بحرین میں ٹاسک فورس151کے چیف سٹاف افسر، وائس پریزیڈنٹ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، نیول سیکرٹری، ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف(ایڈمن) ڈائریکٹر جنرل C4I، ڈپٹی چیف آف نیول (سٹاف )ٹریننگ اینڈ پرسنیل اور ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف آپریشنزشامل ہیں۔
وائس ایڈمرل نوید اشرف اس وقت نیول ہیڈ کوارٹرز میں چیف آف سٹاف کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں،پاکستان نیوی وار کالج لاہور، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد، نیول سٹاف کالج امریکہ اور رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈیز برطانیہ سے فارغ التحصیل ہیں، فلیگ افسر کو شاندار خدمات کے اعتراف میں ہلال امتیاز(ملٹری)اور تمغہ بسالت سے نوازا جا چکا ۔
وائس ایڈمرل نوید اشرف کی ترقی، پاک بحریہ کے نئے سربراہ مقرر

















