فیض آباد دھرنا کیس،کیا اداروں کا نظر ثانی درخواستیں دائر کرنے کا فیصلہ آزادانہ ہے؟ ،سپریم کورٹ

اسلام آباد (بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے فیض آباد دھرنا نظر ثانی کیس کی 28ستمبر کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر تے ہوئے فریقین کو فیض آباد دھرنے پر حقائق پیش کرنے کا ایک اور موقع دیدیا ،تحریری حکم نامہ 4صفحات پر مشتمل ہے جسے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تحریر کیا۔

حکم نامے میں کہا گیا تمام فریقین کو حقائق پیش کرنے کا ایک اور موقع دے رہے ہیں، فریقین حقائق بیان حلفی کے ذریعے جمع کرا سکتے ہیں، کیس میں تحریری جوابات 27 اکتوبر تک جمع کرائے جائیں، کیس کی سماعت یکم نومبر کو ہو گی،حکم نامے میں کہا گیا اٹارنی جنرل نے کہا وزارت دفاع اپنی نظر ثانی درخواست پر مزید کارروائی نہیں چاہتا، آئی بی، پیمرا، پی ٹی آئی نے بھی متفرق درخواست کے ذریعے نظر ثانی درخواستیں واپس لینے کی استدعا کی، درخواست گزار شیخ رشید نے نیا وکیل کرنے کےلئے مزید مہلت کی استدعا کی، درخواست گزار اعجاز الحق نے فیصلے کے پیراگراف نمبر4پر اعتراض اٹھایا۔

سپریم کورٹ نے کہا دوران سماعت کیس پر4سوالات اٹھائے گئے، سوال اٹھایا گیا طویل وقت گزرنے کے باوجود نظر ثانی کیس کیوں سماعت کےلئے مقرر نہیں ہوا ؟ دوسرا سوال اٹھایا گیا نظر ثانی درخواستیں واپس لینے کےلئے ایک ساتھ متعدد متفرق درخواستیں کیوں دائر کی گئیں؟ تیسرا سوال تھا کیا آئینی و قانونی اداروں کا نظر ثانی درخواستیں دائر کرنے کا فیصلہ آزادانہ ہے؟ چوتھا سوال کیا فیض آباد دھرنا کیس فیصلے پر عمل درآمد ہو گیا؟تحریری حکم نامے میں کہا گیا کچھ درخواست گزاروں کی عدم حاضری پر ایک اور موقع دیا جاتا ہے۔