صرف داڑھی رکھنے سے بندہ مسلمان نہیں ہوتا، عمل بھی ہونا چاہیے،چیف جسٹس

اسلام آباد (بیورورپورٹ)چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے ہیںصرف داڑھی رکھنے سے بندہ مسلمان نہیں ہوتا، عمل بھی ہونا چاہیے،2کمسن بچیوں کی حوالگی کیس میں چیف جسٹس نے پسند کی شادی کے بعد علیحدہ ہونےوالے جوڑے کو جھاڑ پلا دی اوردونوں بچیوں کو ماں کے سپرد کرنے کا حکم دےدیا۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا بچیوں کے والد اتوار کی صبح 10 سے شام 5 بجے تک بچیوں سے ملاقات کر سکیں گے، والد کی جانب سے عدالتی حکم عدولی پر توہین عدالت کی کارروائی ہو گی،درخواست گزار بچیوں کے والد کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا بچیاں والد کے پاس ہونی چاہئیں کیونکہ ماں رات کی نوکری کرتی ہے، بچیوں کی ماں کے پاس دیکھ بھال کا وقت ہی نہیں ہوتا۔

،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا وکیل صاحب! شریعت کے مطابق بچے ماں کے پاس رہتے ہیں، ہم صرف نام کے مسلمان رہ گئے ،کام مسلمانوں والے نہیں،صرف داڑھی رکھنے سے بندہ مسلمان نہیں ہوتا ،عمل بھی ہونا چاہیے، نماز، روزہ اور حج کرنا کافی نہیں، انسانیت اور اخلاق بھی لازم ہیں، طلاق نہیں ہوئی والدین کی آپس کی ناراضگی بچوں کا مستقبل خراب کر دے گی۔

چیف جسٹس نے بچیوں کے والد سے سوال کیا آپ نے پسند کی شادی کی یا ارینج میرج تھی؟بچیوں کے والد تیمور نے عدالت میں جواب دیا پسند کی شادی تھی،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا خود محبت کی شادیاں کر لیتے ہیں پھر مسائل عدالت کےلئے بن جاتے ہیں۔

دریں اثنا چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے جرمانہ انکم ٹیکس کیس پرسماعت کی، جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے واضح کیا ذرا اولڈ فیشن ججز ہیں، مکمل دستاویزات دیکھیں گے،چیف جسٹس نے استفسار کیا آپ کےساتھ ریونیو کا کوئی افسر نہیں آیا؟ وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا جی میرے ساتھ کوئی نہیں آیا۔

چیف جسٹس نے واضح کیاہم نے کہا ہے انکم ٹیکس کاکیس تب تک چل سکتا ہے جب تک متعلقہ ڈپارٹمنٹ کا بندہ ساتھ ہو، عدالت کو معاونت ملتی نہیں اورکہتے ہیں کروڑوں مالیت کے کیس پرسپریم کورٹ کا سٹے ہے، چیف جسٹس کے استفسار پر وکیل درخواست گزار نے کہا کوشش کریں گے حکم کی تعمیل ہو،جسٹس قاضی فائز نے کہاآپ کوشش کریں اگر تعمیل نہ ہو پھر دیکھیں کیا ہوتا ہے، ایسی بات ہی نہ کیا کریں، مطلب آپ کے پاس آپشن ہے تعمیل نہ کریں۔

دلائل سننے کے بعد چیف جسٹس نے استفسار کیا آپ بتائیں کتنا جرمانہ کریں؟ آپ کی مرضی کے مطابق کردیتے ہیں ،وکیل درخواست گزار نے کہا ایک ہزار جرمانہ کردیں،چیف جسٹس نے کہا آپ جیسے سینئر وکیل سے یہ امید نہیں تھی، چلیں 2 ہزار جرمانہ کردیتے ہیں، جرمانہ اپنی مرضی کے چیریٹی فنڈ میں جمع کراکے رسید جمع کرائیں۔