اسلام آباد( )نیب نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اربوں مالیت کے کرپشن ریفرنسز دوبارہ کھولنے کے بعد مزید اہم فیصلے کر لیے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب نے کرپشن کے خلاف کارروائیوں کیلئے حساس اداروں کے افسران کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت اہم عہدوں پر تقرریوں کیلئے ڈیپوٹیشن پرحساس اداروں سے افسران مانگ لیے ،حساس اداروں کے افسران آئندہ چند روز میں نیب میں کام کرنا شروع کردیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہےچیئرمین نیب نذیر احمد کی منظوری سے حساس اداروں کے افسران کی خدمات کیلئے خط لکھ دیا گیا جبکہ نیب میں تمام خالی آسامیوں پربھی فوری تقرریاں کردی جائیں گی۔
ذرائع نے بتایا ڈیپوٹیشن پرتعینات ہونے والے انٹیلی جنس افسر و اہلکارنیب دفاترمیں فرائض سرانجام دیں گے اور نیب دفاتر میں مضبوط و مؤثر انٹیلی جنس سسٹم قائم کیا جائے گا جبکہ احتساب کا عمل تیز اورمؤ ثربنانے کیلئے انٹیلی جنس افسران اور اہلکاروں سے معاونت لی جائے گی، انٹیلی جنس افسران نیب تفتیشی آفیسرز کی معاونت کریں گے۔
نیب میں ڈیپوٹیشن پر آنے والے تمام افسران اپنے اسکیل اور تنخواہ پر ہی کام کریں گے، افسران و اہلکار سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد تمام کیسزکو چلانے میں بھی معاونت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہےڈپٹی چیئرمین نیب اورپراسیکیوٹرجنرل کے عہدوں پربھی جلد مستقل افسران کا تقررکردیا جائے گا۔
کرپشن کیسز پر کارروائیوں کیلئے حساس اداروں کے افسران کی خدمات لینے کا فیصلہ
















