لاہور (خبر نگار) انتظامی افسروں کے عدم تعاون کی وجہ سے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ اور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ ملازمین کے تقرو تبادلوں کے محاذ پر شکست سے دوچار، تمام ملازمین نے وسیع تر مالی مفادات کی خاطر ٹرانسفروں کے احکامات ہوا میں اڑا دئیے۔
ذرائع نے انکشاف کیا ہے بلڈنگ انسپکٹر عمران ارشاد کو سمن آباد زون سے بد انتظامی اور نااہلی کی بنیاد پر معطل کرکے پیڈا کے تحت انکوائری کا آغاز کیا گیا تھا مگر مذکورہ بلڈنگ انسپکٹر انکوائری افسر کے سامنے اپنی بے گناہی ثابت کرنے کی تگ و دو کے بجائے انتظامی افسروں کے تعاون سے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کےلئے سرکاری اوقات کے مطابق سمن آباد زون کے دفتر میں روٹین کے مطابق بیٹھتا ہے اور غیر قانونی کمرشل پلازوں کی تعمیر کے عوض وصول کی گئی کروڑوں روپے کی رشوت کو تحفظ فراہم کررہا ہے جبکہ نئی شروع ہونے والی غیر قانونی تعمیرات کودھڑلے سے شروع کرانے کےلئے خود کو بلڈنگ انسپکٹر کے طور پر متعارف کراتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے بلڈنگ انسپکٹر عمران ارشاد کا غیر قانونی طور پر سمن آباد زون کے دفتر میں بیٹھ کر رشوت کی ڈیل کرنے کے عمل کو میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ”کاریگر “ افسر تحفظ فراہم کرکے اپنا حصہ وصول کررہے ہیں، یاد رہے عمران ارشاد کو کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کی بنا پر محکمہ اینٹی کرپشن نے کچھ عرصہ قبل مقدمہ میں گرفتار بھی کیا تھا، اس حوالے سے چیف میٹروپولیٹن آفیسر علی عباس بخاری سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا معاملہ میرے علم میں نہیں البتہ اب میں فوری طور پر متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کر کے بلڈنگ انسپکٹر کا فوری طور پر داخلہ بند کرتا ہوں۔
بلڈنگ انسپکٹر سمن آباد زون معطلی کے باوجود سیٹ پر براجمان


















