شیخ رشید گرفتار،پرویزالٰہی رہائی کے بعد 13ویں مرتبہ پابند سلاسل


راولپنڈی،لاہور (بیورورپورٹ) سابق وزیر داخلہ وسربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشیدکو گرفتار کر لیا گیا،ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس نے شیخ رشید کونجی ہاوسنگ سوسائٹی کے فیز 3 سے گرفتار کیا۔

وکیل سردار عبدالرازق نے تصدیق کرتے ہوئے کہاسادہ کپڑوں میں اہلکار آئے اور شیخ رشید کوگرفتار کرکے نامعلوم مقام پر لے گئے،سابق وزیر داخلہ نجی ہاوسنگ سوسائٹی کے فیز 3 میں اپنی رہائشگاہ پر موجود تھے۔

سردار رازق ایڈووکیٹ نے کہا پولیس نے شیخ رشید کے بھتیجے شیخ شاکر اور ملازم عمران کو بھی گرفتار کیا،نہیں معلوم سابق وزیر داخلہ کو کس مقدمے میں گرفتار کیا گیا، قانونی راستہ اختیار کریں گے۔

شیخ رشید کے بھتیجے سابق ایم این اے شیخ راشد شفیق نے کہا شیخ رشید پولیس کو کسی مقدمے میں مطلوب نہیں تھے،پولیس نے اسلام آباد سے گرفتار کیا، بڑے بھائی شیخ شاکر اور ملازم شیخ عمران کو بھی اٹھا لیا گیا،پنجاب ،اسلام آباد پولیس نے عدالتوں میں کہا تھا شیخ رشید کسی مقدمے میں مطلوب نہیں ، شیخ رشید نے ہمیشہ شرافت اور خدمت کی سیاست کی، سپریم کورٹ سے مطالبہ کرتا ہوں بتایا جائے شیخ رشید کو کیوں گرفتار کیا گیا۔

راشدشفیق نے مزید کہاشیخ رشید کو کچھ بھی ہوا تو وفاقی اور پنجاب حکومت ذمہ دار ہوں گے،ذرائع کے مطابق شیخ رشید کو 9 مئی واقعات میں درج مقدمات میں گرفتار کیا گیا۔

دوسری جانب پرویزالٰہی کی رہائی خواب بن گئی ،کرپشن کیس سے ڈسچارج ہونے کے بعد دہشتگردی مقدمے میں گرفتارکرلیا گیا۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب و پی ٹی آئی کے صدر پرویز الٰہی کو راہداری ریمانڈ پر لاہور کی ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ ریحان الحسن کے روبرو پیش کیا گیا،لاہور کے ماسٹر پلان میں بے ضابطگیوں کے مقدمے کی سماعت ہوئی ،اینٹی کرپشن حکام کی جانب سے پرویز الٰہی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔

دوران سماعت پرویز الٰہی کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا انکوائری سے قبل ایف آئی آر درج نہیں ہو سکتی، ڈی جی اینٹی کرپشن کےخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کریں گے،وکیل رانا انتظار نے عدالت سے مقدمہ ڈسچارج کرنے کی استدعا کر تے ہوئے کہا پرویز الٰہی کی گرفتاری بدنیتی پر مبنی ہے، انکوائری کی گئی نہ نوٹس بھیجا گیا۔

دلائل مکمل ہونے کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ ریحان الحسن نے پرویز الٰہی کے ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا،بعد ازاں فیصلہ سناتے ہوئے پرویز الٰہی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے مقدمے سے ڈسچارج کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا تاہم پولیس نے دہشتگردی کے مقدمے میں دوبارہ گرفتارکرکے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔

ریمانڈ کیلئے انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی میں پیش کیا جائے گا،وکیل رانا انتظار نے کہادہشتگردی کے کسی مقدمے میں راولپنڈی پولیس نے دوبارہ گرفتار کیا،قبل ازیںکیس کی سماعت کے موقع پر ضلع کچہری لاہورکی سکیورٹی انتہائی سخت رہی،پولیس نے کورٹ رپورٹرز کو بھی کمرہ عدالت کے اندر جانے سے روکدیا۔