شرح سود 22 فیصد پر برقرار رکھنے کا اعلان، مہنگائی کم ہوگی: سٹیٹ بینک

کراچی (بیورو رپورٹ) سٹیٹ بینک نے شرح سود 22 فیصد پر برقرار رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے مہنگائی میں کمی کی نوید سنا دی۔

مانیٹری پالیسی کمیٹی نے شرح سود 22 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا، فیصلے میں مہنگائی کے تازہ ترین اعداد و شمار کو پیش نظر رکھا گیا، مئی میں مہنگائی 38 فیصد کی رفتار سے بڑھ رہی تھی، اگست میں گر کر 27.4 فیصد پر آگئی، 2025 تک مہنگائی کی شرح کو 5 سے 7 فیصد پر لانا ہے، کمیٹی نے ہدف حاصل کرنے کےلئے اقدامات اٹھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

سٹیٹ بینک نے کہا مہنگائی میں کمی کےلئے اقدامات کریں گے، حکومتی فیصلوں سے سپورٹ مل رہی ہے، آنےوالے مہینوں میں مہنگائی میں کمی آئےگی، اکتوبر سے واضح اثرات سامنے آنا شروع ہوں گے، ڈالر کی قدر میں کمی، روپے کی قدر میں بہتری آگئی۔ ڈالر، چینی و اجناس کی ذخیرہ اندوزی کےخلاف کئے گئے کریک ڈاون سے معیشت پر مثبت اثر پڑا۔

پالیسی بیان کے مطابق زرمبادلہ و اجناس کی قیمتوں میں سٹے بازی سے مہنگائی کا منظرنامہ خراب ہوا تھا لیکن انتظامی اقدامات نتائج دے رہے ہیں، غیرقانونی سرگرمیوں کےخلاف آپریشن سے ڈالر اور انٹربینک، اوپن مارکیٹ بھاو¿ کا فرق کم کرنے میں مدد ملے گی۔

سٹیٹ بینک نے کہا مہنگائی پر توجہ ہے ضرورت کے مطابق فیصلے کریں گے، بہتر زرعی پیداوار، زرمبادلہ اور اجناس کی منڈیوں میں سٹے بازی کی سرگرمیوں کےخلاف حالیہ انتظامی اقدامات سے رسد کی رکاوٹوں میں متوقع کمی سے بھی مہنگائی کے منظرنامے کو تقویت ملے گی۔

مانیٹری پالیسی نے مزید کہا پٹرولیم مصنوعات، کھاد و سیمنٹ جیسے اہم خام مال کی فروخت میں معتدل اضافے کےساتھ درآمدی حجم میں معمولی اضافہ ہوا، زرعی شعبے کے امکانات بہتر ہوگئے، سیلاب پر پچھلے خدشات زائل، کپاس کی آمد گزشتہ برس کے مقابلے میں تقریباً دگنی ہوچکی۔

کمیٹی نے تخمینہ لگایا سخت زرعی پالیسی کے ظاہر ہونےوالے اثرات و متوقع مالیاتی یکجائی کی وجہ سے ملکی طلب بھی قابو میں رہے گی، مجموعی درآمدات قابو میں رہنے کی توقع ہے، مالی سال 24 کے ابتدائی 2 مہینوں کے دوران ایف بی آر کے محاصل میں 27.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، بہتری سے مالیاتی اقدامات و معاشی سرگرمیوں میں کچھ بحالی کے اثرات ظاہر ہوتے ہیں۔

ایم پی سی کی رائے ہے زرعی پالیسی سے قیمتوں کے استحکام کا مقصد حاصل کرنے کےلئے ضروری ہے۔ جی ڈی پی کے 0.4 فیصد کے مساوی بنیادی فاضل رقم کا طے شدہ ہدف پورا کیا جائے۔

مانیٹری پالیسی کے بعد گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے معاشی تجزیہ کاروں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا درآمدی پابندیاں ختم کرنے کے باوجود اگست میں 16 کروڑ ڈالر کا کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ ہوا، رواں مالی سال 2.8 ارب ڈالر کی بیرونی ادائیگیاں کرچکے، جون 2024 تک قرض واپسی و سود ادائیگی کیلئے 19 ارب ڈالر کا انتظام کرنا ہے۔

گورنر سٹیٹ بینک نے کہا 19 ارب ڈالر میں سے 8 ارب ڈالر کے قرضے ری شیڈول ہوگئے، 3 ارب ڈالر کے قرضوں کی ری شیڈولنگ پائپ لائن میں ہے، رواں مالی سال پاکستان کو خالص بیرونی ادائیگیاں 8 ارب ڈالر کرنی ہیں۔