آزادکشمیر و گلگت پر مشتمل بھارتی نقشے اورافغانستان سے حملے قبول نہیں،پاکستان

اسلام آباد (بیورورپورٹ)پاکستان نے کہاہے آزادکشمیر و گلگت پر مشتمل بھارتی نقشے اورافغانستان سے دہشتگرد حملے قبول نہیں،عبوری طالبان حکومت اپنی سرزمین کو پاکستان کےخلاف استعمال ہونے سے روکنے کے اقدامات یقینی بنائے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا مقبوضہ جموں کشمیر میں خواتین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، بھارتی فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں،بھارت کے نقشے میں دکھائے گئے آزادکشمیر و گلگت بلتستان پاکستان کے زیر انتظام ہیں،کسی بھی نقشے میں بھارت کاحصہ دکھانا غیر قانونی ہے ایسے کسی بھی نقشے کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

ممتاز زہر ا بلوچ نے کہاطورخم سرحد پر افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے پر پاکستان کئی سال سے عمل پیرا ہے ،پاکستان نے اپنے پڑوسی ملک کی مدد کیلئے نیک نیتی سے معاہدے پر عمل کیا مگرمعاہدے کے غلط استعمال پر شدید تشویش ہے،ممتاز زہرا بلوچ نے کہا پاکستان کو افغانستان سے لاحق خطرات پر تشویش ہے، چترال سمیت دیگر جگہوں پر افغانستان سے دہشتگرد حملے کیے گئے، افغان سرزمین پاکستان کےخلاف استعمال ہو رہی ہے، پاکستان حالات کا جائزہ لےکر ہی طورخم سرحد کھولنے کا فیصلہ کرے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے امریکی سفیر کے دورہ گوادر کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا سی پیک کے تحت تھرڈ پارٹی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے،نگران وزیر خارجہ کامن ویلتھ یوتھ منسٹرز اجلاس میں شرکت کیلئے لندن کے دورے پر ہیں، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس میں شرکت کریں گے، نگران وزیر اعظم اہم شخصیات و تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کریں گے تاہم نگران وزیراعظم کی پرواز کی تفصیل ابھی آنا باقی ہے۔